Jan ۰۷, ۲۰۲۰ ۰۷:۴۶ Asia/Tehran
  • سپاہ قدس کے نئے کمانڈر سے حماس کے رہنماؤں کی ملاقات

حماس کا کہنا ہے کہ جب تک فلسطین اور قدس سے غاصبوں کو باہر نہیں نکالتے اس وقت تک ہماری غاصبوں اور جارحین کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی، حشد الشعبی کے نائب کمانڈر ابومہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے کیلئے ایران آنے والے حماس کے رہنماوں نے اسماعیل ہنیہ کی قیادت میں سپاہ قدس کے نئے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات میں فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے بعض ارکان بھی موجود تھے۔

اس سے قبل کل فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازے کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی قدس کے شہید ہیں اورامریکہ کی جانب سے استقامتی محاذ کو کمزور کرنے کی کوششوں اور قتل و غارتگری کے باوجود استقامتی محاذ کو شکست نہیں ہو گی اور جب تک فلسطین اور قدس سے غاصبوں کو باہر نہیں نکالتے اس وقت تک ہماری غاصبوں اور جارحین کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اپنی منزل پا لیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ جنرل سلیمانی نے اپنی ساری زندگی فلسطین کی حمایت اور جدوجہد میں گذاری اور وہ قدس کے کمانڈر تھے اور قدس کے شہید ہیں اور جس طرح لبنان اورغزہ میں ہم کامیاب ہوئے تھے اسی طرح اب بھی ہم کامیاب و کامران ہوں گے۔

ٹیگس