Jan ۰۷, ۲۰۲۰ ۰۸:۳۰ Asia/Tehran
  •  یورپی ممالک علاقائی حقائق کو سمجھنے سے عاری: ایران

اسلامی جمہوریہ کے وزیر خارجہ نے جرمنی اور برطانیہ کے حالیہ مواقف سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپیوں کی اسٹریٹجک غلطی یہ ہے کہ وہ خطے کی صورتحال کو نہیں سمجھتے ۔

جرمن اور برطانوی وزرائے خارجہ ہایکو ماس اور دومینگ راب نے کل اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے اور ان سے علاقے کی تازہ ترین صورتحال سمیت ایران جوہری معاہدے پر بات چیت کی۔اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ نے برطانیہ اور جرمنی کے حالیہ موقف پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک کی اسٹریٹجک غلطی یہ ہے کہ وہ علاقائی حقائق کو نہیں سمجھتے۔

محمد جواد ظریف نے امریکہ پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے امریکی حملے میں قدس فورس کے کمانڈر جنرل سلیمانی کی شہادت کے بعد واشنگٹن کو خطے میں ہر کسی قسم کی کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیا۔

انہوں نے یورپی فریقین کی جانب سے اپنے جوہری وعدوں پر عمل نہ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے موجودہ صورتحال میں جوہری معاہدے کے فریم ورک کے اندر وعدوں میں کمی لانے کو ایران کاحق قراردیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جوہری وعدوں میں کمی لانے کو روکنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ یورپی فریقین اپنے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔

ٹیگس