Jan ۲۲, ۲۰۲۰ ۲۱:۰۸ Asia/Tehran
  • دشمن، ایران کی ثقافتی و عوامی طاقت سے ہراساں ہے۔ صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایران کے عوام شکست تسلیم کرنے والے نہیں ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں تاکید کے ساتھ کہا کہ کوئی بھی طاقت عوام کی موجودگی، اتحاد، ایثار و قربانی اور استقامت سے بڑھ کر نہیں ہے۔ صدر نے کہا کہ دشمن، ایران کی ثقافتی و عوامی طاقت سے ہراساں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے عوام مختلف حالات اور مسائل میں ایثار و فداکاری کے نتجے میں متحد رہے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے سیاحت کی صنعت کو مضبوط بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران، اپنے امن و سیکورٹی، تاریخی آثار قدیمہ، اقلیمی تنوع اور خوبصورت قدرتی مناظر کے پیش نظر سیاحت کے ذریعے کافی آمدنی حاصل کرسکتا ہے۔ صدر حسن روحانی نے ایران میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ وائٹ ہاؤس میں بیٹھے ہوئے ہیں انھیں ملت ایران کے فیصلے کرنے کا حق نہیں ہے بلکہ عوام اپنی استقامت پر ایمان اور عزم محکم سے اپنے فیصلے خود کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اکیس فروری دوہزار بیس کو ایران میں عام پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔