Feb ۰۲, ۲۰۲۰ ۲۳:۰۴ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کی ایران دشمنی، او آئی سی کے اجلاس میں شرکت سے روکا

اسلامی جمہوریہ ایران کا کہنا ہے کہ جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہیڈکواٹر میں سینچری ڈیل کا جائزہ لینے کے لئے منعقد اجلاس میں ایرانی وفد کی شرکت میں سعودی حکومت رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سینچری ڈیل کی رونمائی کے بعد فلسطینی انتظامیہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل کی تجویز پر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی سطح کا اجلاس تین فروری کو اسلامی تعاون تنظیم کے ہیڈکواٹر میں رکھا گیا ہے جس میں سینچری ڈیل کے منصوبے کا جائزہ لئے جانے کے بعد رکن ممالک کے موقف کا اعلان کیا جائے گا۔

اس اجلاس میں شرکت کے لئے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے ایران کو بھی دعوت دی تھی مگر سعودی حکومت نے اجلاس کے میزبان ہونے کی حیثیت سے بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی کی اور ایران کی شرکت کے راستے میں رکاوٹ پیدا کر دی۔

سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین جابر انصاری کی سربراہی میں ایک وفد اس تنظیم کے اجلاس میں جانے والا تھا مگر سعودی حکومت نے انہیں ویزا جاری نہیں کیا۔ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے بعض اراکین نے سعودی عرب کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اس پر اس تنظیم کی میزبانی سے ناجائز فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا ہے۔

سید عباس موسوی نے کہا کہ ایران نے باضابطہ طور پر اسلامی تعاون تنظیم کے ہیڈ کواٹر کو بھیجے گئے ایک پیغام میں اپنا اعتراض درج کرایا ہے جسے تنظیم کے اراکین کے درمیان بھی تقسیم کیا جائے گا۔

ٹیگس