Feb ۱۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران میں آزادی کے متوالوں کی ریلیاں

ایران میں اسلامی انقلاب کی 41 ویں سالگرہ کے موقع پرآج منگل کے روز صبح 9 بجے نکالی جانے والی ریلیوں میں لاکھوں افراد شریک ہیں جو امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔

اسلامی انقلاب کی 41 ویں سالگرہ کی مناسبت سے مختلف شعبہ ہائے زندگی اور قوموں سے تعلق رکھنے والے ایرانی عوام آج صبح سویرے ہی سڑکوں پر نکل آئے جبکہ صبح 9 بجے ملک گیرریلیوں کا آغازہوا جن میں لاکھوں کی تعداد میں ایرانی مرد،عورتیں ،بچے اور بوڑھے سبھی شریک ہیں۔

ایران بھر میں قریب ایک ہزار چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں ہونے والی تقریبات اور ریلیوں میں حکومتی ارکان، مسلح افواج کے عہدے دار، علمائے کرام، مذہبی رہنما اور اہم شخصیات بھی شریک ہیں.

ریلی کے شرکاء مسلمانوں اتحاد و بھائی چارے  کی دعوت دینے کے ساتھ ساتھ انقلاب اسلامی  اور اسکی قیادت کے سے اپنی وفاداری کا اعلان کر رہے ہیں اور ساتھ ہی امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے لگا رہے ہیں۔

اس حوالے سے بڑی تقریب تہران کے آزادی اسکوائرمیں ہوگی جہاں صدر مملکت حسن روحانی ریلی کے اختتام پرعوامی اجتماع سے خطاب کریں گے.

حال ہی میں رونما ہونے والے چند اہم واقعات منجملہ سردار اسلام جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت اور اسکے بعد ایران کی انتقامی کارروائی نے اس سال ایرانی عوام میں خاصا جوش و ولولہ پیدا کردیا ہے جس کے پیش نظراس سال جشن انقلاب کی ریلیوں میں گزشتہ برسوں کی نسبت زیادہ جوش و خروش دیکھنے میں آیا ہے۔

دنیا بھر میں حریت پسندوں کے لئے سنگ میل سمجھے جانے والے اسلامی انقلاب کا جشن ایران کے علاوہ بعض دیگر ممالک میں بھی بڑے بھی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ ایران کے اسلامی نظام سے عقیدت رکھنے والے لوگ پاکستان، ہندوستان، عراق، لبنان اور افغانستان سمیت مختلف اسلامی اور دوسرے ممالک میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کرکے اسلامی انقلاب کے ساتھ اعلان یکجہتی کرتے ہیں۔ایران میں منایا جانے والا جشن انقلاب دس دنوں پر مشتمل ہوتا ہے جسے عشرہ فجر کے عنوان سے یاد کیا جاتا ہے۔

یکم فروری انیس و اناسی کو بانی انقلاب اسلامی پندرہ سالہ جلاوطنی کے بعد ایران تشریف لائے تھے اور اسکے ٹھیک دس دن کے بعد یعنی گیارہ فروری انیس و اناسی کو ایران کا اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

بلاشبہ آج22 بھمن یعنی 11 فروری پوری ایرانی قوم ، آزاد منش انسانوں اور حریت پسندوں کے لیے خوشی و مسرت کا دن ہے کیونکہ اس روز ایران نے ایک ظالم اور سامراجی حکومت سے آزادی حاصل کی تھی۔

سحرعالمی نیٹ ورک خوشی و مسرت اور جشن آزادی کے اس موقع پرتمام سامعین و ناظرین اور حریت پسندوں کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس