Feb ۱۹, ۲۰۲۰ ۲۱:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران میں کورونا وائرس کے 2 مریض جان کی بازی ہار گئے

ایران کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ایران کے شہر قم میں کورونا وائرس میں مبتلا دو مریض جان کی بازی ہار گئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت کے اطلاع رسانی ادارے کے سربراہ کیانوش جہانپور نے آج کہا کہ قم میں کورونا وائرس کے دو مشکوک کیس کی اطلاع ملتے ہی طبی ٹیمیں حرکت میں آگئیں اور مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لینے کے بعد رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا تاہم ان کی عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس نے آج مزید 136 افراد کی جان لے لی اور اس طرح وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 4 تک پہنچ گئی جبکہ 1749 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک کورونا سے 74185افراد متاثر ہوئے ہیں۔ بہت سے متاثرہ افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خطرہ ہے۔

قابل غور ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں چین کے وسطی شہر ووہان سے کورونا وائرس پھیلنا شروع ہوا جو اب تک دنیا کے 2 درجن ممالک تک پہنچ چکا ہے۔ کورونا وائرس سے چین کے علاوہ تائیوان، فلپائن، ہانگ کانگ، جاپان اور فرانس میں 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ دیگر کئی ملکوں میں متعدد افراد بیمار ہیں۔

 

ٹیگس