Feb ۲۱, ۲۰۲۰ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  •  رہبرانقلاب اسلامی نے ووٹنگ کے آغاز میں ہی اپنا ووٹ ڈالا  / تفصیلی خبر

اسلامی جمہوریہ ایران میں گیارہویں پارلیمانی انتخابات میں پولنگ جاری ہے ۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور دیگر مراجع کرام نے ابتدائی لمحات میں ہی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی کے ساتھ مختلف شہروں سے ہمارے نمائندوں نے بتایا ہے کہ لوگ ووٹنگ کا وقت شروع ہونے سے پہلے ہی لائن میں لگ گئے تھے ۔

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے گیارہویں پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹنگ کے ابتدائی لمحات میں ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا -

رہبرانقلاب اسلامی نے جمعہ کی صبح حسینیہ امام خمینی میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ انتخابات ملک اور قوم کے مفادات کے ضامن ہیں فرمایا کہ انتخابات کا دن قومی جشن کا دن ہے - انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ انتخابات ایک شرعی فریضہ ہے کہا کہ انتخابات کا دن قوم کے حق کی تکمیل کا دن ہے اس لئے سب کو چاہئے کہ اس دن اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں اور امور مملکت میں اپنی رائے کا اظہار کرکے جو ان کا حق ہے اس کو حاصل کریں -

 

دیگر مراجع عظام نے بھی گیارہویں پارلیمنٹ کے لئے ووٹنگ کے ابتدائی اوقات میں ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا -

بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی ناصرمکارم شیرازی نے قم میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت دشمن کو مایوس کرے گی -

آیت اللہ العظمی حسین نوری ہمدانی نے بھی قم میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران عظمت و طاقت کی بلندی پر واقع ہے اور انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت اس عظمت و طاقت میں مزید اضافے کا سبب بنے گی -

آیت اللہ العظمی جعفر سبحانی ،آیت اللہ العظمی جوادی آملی ، آیت اللہ العظمی سید محمد علوی گرگانی اور آیت اللہ العظمی صافی گلپائگانی نے بھی بیلٹ بکسوں میں اپنے ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ اسلامی جمہوری نظام کی حفاظت کے لئے انتخابات میں شرکت واجب ہے -

ایران کے عوام گیارہویں مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ کے انتخابات کے لئے جمعہ کی صبح آٹھ بجے سے ہی پولنگ مراکز پراپنے ووٹ ڈالنے پہنچ گئے ہیں -

مجلس شورائے اسلامی کے انتخابات کے ساتھ ساتھ جمعہ کو پانچویں مجلس خبرگان کے لئے پہلے ضمنی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں - ایران کے پارلیمانی انتخابات میں دوسو آٹھ حلقوں میں دو سو نوے نشستوں کے لئے ووٹنگ ہورہی ہے -

ووٹنگ کا وقت دس گھنٹے ہے اور ضرورت پڑنے پر اس مدت میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے -

 

 

ٹیگس