Mar ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران میں کورونا کو شکست دینے کیلئے بڑا طبی آپریشن

اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ملی عزم و ارادے کے ساتھ ہمہ گیر مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے اطمینان دلایا ہے کہ 3 لاکھ افراد پر مشتمل طاقتور طبی ٹیموں کی مدد سے کورونا وائرس کا ملک سے خاتمہ کردیا جائے گا۔

ایرانی وزیر صحت نے ملک میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں ملک بھر میں بہت بڑا طبی آپریشن جاری ہے۔ بہت سے مریض صحت یاب ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج ہوگئے ہیں اور ہم کورونا وائرس کا پیچھا کرکے اسے ختم کریں گے انہوں نے کہا کہ ہم اس کو مزید پھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اس سلسلے میں ملک بھر سے کورونا جراثیم کو ختم کرنے کے لئے بڑی مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔

دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اتوار کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا کہ اُس نے موجودہ حالات اور مقدس دفاع میں دشمن کے کیمیائی اور جراثیمی حملوں کے مقابلے میں حاصل کئے گئے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے  کورونا وائرس کو جڑ سے ختم کرنے کی ٹھان لی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے اعلان کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایران میں اب تک نو سو اٹھہتر افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے ایک سو پچھتر افراد صحتیاب ہوکر اسپتالوں سے گھر واپس جا چکے ہیں جبکہ اتوار کی شام تک کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 54 تک پہونچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر سبھی اقوام اور ممالک کے مشترکہ عزم و اقدام کی ضرورت ہے۔

ٹیگس