Mar ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۰:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران، دو ہزار سے زائد کورونا بیمار شفایاب ہو چکے ہیں

ایران میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 2000 سے زائد افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور نے اتوار کو روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2134 ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مزید کیس سامنے آنے کے بعد پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران اس مرض میں مبتلا ہونے والوں کی کل تعداد 6566 تک جا پہونچی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے آغاز سے اب تک اس کے نتیجے میں 194 افراد ہم سے بچھڑ چکے ہیں۔

 دسمبر دوہزار انیس میں شہر ووہان سے شروع ہونے والا یہ وائرس اب تک دنیا کے 103 ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق اب تک 107811 سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 60924 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 3661 افراد کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونہ پڑا ہے۔

 

ٹیگس