Mar ۱۵, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • سب مل کر امریکہ کی طبی دہشتگردی کا مقابلہ کریں : ایران

ایران کے صدر نے اپنے ہم منصبوں کو لکھے گئے ایک خط میں ان سے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام میں ایرانی کوششوں کو نقصان پہنچنے کے سبب امریکی پابندیوں کو نظر انداز کریں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کورونا وائرس کے خلاف ہمہ گیر عالمی مہم اور اس مہم میں سبھی ملکوں کی پرخلوص شمولیت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مختلف ملکوں کے سربراہوں کے نام خط ارسال کئے ہیں جن میں لکھا گیا ہے کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبائی بحران بن چکا ہے جس سے نمٹنے کے لئے سب کو مل کے کوششیں کرنا ہوں گی۔

صدر مملکت روحانی نے اپنے خط میں دنیا کے مختلف ملکوں اور اقوام کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پابندیاں فوری طور پر ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس خطرناک وبائی بحران سے نمٹنے کے لئے پڑوسیوں کے درمیان ایک مشترکہ میڈیکل پروٹوکول تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر روحانی نے اس خط میں لکھا ہے کہ ایران کو اس وقت کورونا وائرس کے خلاف مہم میں امریکی حکومت کی غیر قانونی پابندیوں اور زیادہ سے زیادہ دباؤ کی غیر انسانی پالیسیوں کے سبب مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں اور اکثر ملکوں کی کمپنیوں کی جانب سے ان غیر قانونی پابندیوں پر عمل در آمد کے سبب کافی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ یہ پابندیاں اور ان پر عمل درآمد اقوام متحدہ کی قرارداد کے منافی ہونے کے ساتھ ہی غیر اخلاقی اور غیر انسانی بھی ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کورونا وائرس کو شکست دینا سبھی کا بین الاقوامی فریضہ ہے۔ انھوں نے اپنے اس خط میں سربراہان مملکت کے خطاب کرکے لکھا ہے کہ فوری طور پر ایسے اقدامات انجام دینے کی ضرورت ہے کہ جن سے سبھی ممالک سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر بائیس اکتس کے تحت اپنے فرائض پر عمل اور ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی اقتصادی دہشت گردی کا مقابلہ کرسکیں۔

انھوں نے مختلف ملکوں کے سربراہان مملکت کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ ہر وہ پالیسی جو کورونا وائرس کے بحران کے خلاف مہم میں ملکوں کے اقتصادی اور طبی نظام کو کمزور کرے اور اس مہم میں مالی مشکلات پیدا کرے، وہ اس عالمی بحران سے نمٹنے کی عالمی مہم کو کمزور کرے گی۔

صدر ایران نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری، امریکا کی خود سرانہ، اور انسانیت مخالف غیر قانونی پالیسیوں کے مقابلے پر ڈٹ جائے اور امریکی حکام کو اس بات کی اجازت نہ دے کہ وہ اپنی ظالمانہ، غیر قانونی اور غیر انسانی پابندیوں سے ایران میں کورونا وائرس کے ہلاکت خیز بحران کے خلاف مہم کو کمزور کریں۔

صدر روحانی نے مزید کہا کہ کسی بدمعاش کی خاطر معصوموں کو ہلاک کرنے کی اجازت دینا غیر اخلاقی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش کے نام میں ایک خط میں ان سے ایران مخالف امریکی پابندیوں کو نظر انداز کرنے اور ایران کے خلاف لگائی گئی پابندیوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی وزارت خزانہ نے دعوی کیا تھا کہ ادویات اور طبی سہولیات کے شعبے میں ایران کے خلاف پابندی نہیں لگائی گئی ہیں، حالانکہ ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکہ نے عملی طور ادویات اور طبی ساز و سامان کی منتقلی کی راہ میں رکاوٹیں حائل کی ہوئی ہیں۔

ٹیگس