Mar ۲۸, ۲۰۲۰ ۲۱:۱۱ Asia/Tehran
  • انسداد کورونا مہم میں سپاہ پاسداران پیش پیش+ تصاویر

ایران میں کورونا کے خلاف مہم پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ اس درمیان کورونا کے ٹیسٹ کے لئے موبائل بائیولوجیکل لیبارٹری کی ہفتے کو تہران میں رونمائی کی گئی۔

ایران کی میڈیکل کونسل کی رضاکار یونٹ کے سربراہ ابراہیم متولیان نے ہفتے کو کورونا کے ٹیسٹ کے لئے تیار کی گئی موبائل لیبارٹری کی رونمائی کے موقع پر کہا کہ اس لیبارٹری کی پاستور انسٹی ٹیوٹ نے بھی تائید کردی ہے- متولیان کا کہنا تھا کہ یہ لیبارٹری اس طرح کی دیگر لیبارٹریز کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ ٹیسٹ کی رپورٹ تیار کرنے پر قادر ہے۔

ابراہیم متولیان نے بتایا کہ یہ لیبارٹری روزانہ دو سو افراد کے ٹیسٹ انجام دے سکتی ہے اور اس پروجیکٹ کو دوہفتے کے اندر تیار کیا گیا ہے جس میں سبھی حفاظتی سسٹم موجود ہیں۔

ایران میں کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے اینٹی کورونا نیشنل ہیڈکواٹر تشکیل دیا گیا ہے کہ جس میں وزارت صحت اور دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ ملک کی مسلح افواج بھی پوری قوت کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہیں اور عوام کا بھی انہیں بھرپور تعاون حاصل ہے-

ایران میں ملک گیر سطح پر کورونا کے ٹیسٹ اور کورونا میں مبتلا اور مشتبہ افراد کو صحتمند افراد سے الگ کرنے کی کارروائی بھی تیزی کے ساتھ جاری ہے-

دریں اثنا ایران کی حکومت نے پورے ملک میں سفری پابندیاں عائد کردی ہیں - کسی بھی شہری کو اپنے شہر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ پبلک مقامات پہلے ہی بند کردئے گئے ہیں - ایران کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یہ سفری پابندیاں دو ہفتے کے لئے ہیں اور اگر ضرورت ہوئی تو اس مدت میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے-

قابل ذکر ہے کہ تین شعبان المعظم حضرت امام حسین علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے تین شعبان المعظم کو یوم پاسدار کا نام دیا تھا-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران مختلف میدانوں میں غیر معمولی اور تاریخی کارنامے انجام دئے ہیں - سپاہ پاسداران نے مختلف حساس مراحل اور مواقع پر اچھی طرح ثابت کیا ہے کہ وہ ملک اور علاقے کی سلامتی کی حفاظت جیسی سنگین ذمہ داریوں کو نبھانے کا ہنر بخوبی جانتی ہے اور اس نے عالمی سامراج سے مقابلے کے میدان میں بھی دنیا کے سامنے ایک بہترین رول ماڈل کے طور پر خود کو پیش کیا ہے۔

اسی لئے سپاہ کی تشکیل کے آغاز سے ہی امریکا اور دیگر سامراجی طاقتیں ایران کی اس قابل فخر فورس کی دشمن ہیں اور امریکا نے اپنے زعم میں سپاہ پاسداران کو اپنی نام نہاد بلیک لیسٹ میں بھی شامل کر دیا ہے-

سپاہ پاسداران نے جہاں جنگی میدانوں اور انقلابی اقدار اور ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لئے شجاعت و بہادری کی غیر معمولی داستانیں رقم کی ہیں وہیں گذشتہ آٹھ جنوری کو عراق میں دہشت گرد امریکی دہشتگردوں کے اڈے عین الاسد پر جوابی حملے میں میزائلوں کی بارش کر کے پوری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا اور اپنی قوت کا لوہا دشمنوں سے بھی منوا لیا -

آج جب کورونا وائرس پوری انسانیت کے لئے خطرہ بنا ہوا ہے اس مرحلے پر بھی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جوان لوگوں کی جان بچانے کے لئے  ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈکس کے جانبازوں کے ہمراہ اس مہم میں بھی پیش پیش ہیں اور اس فورس نے گذشتہ جمعرات کو پورے ملک میں بائیولوجیکل دفاعی مشقیں بھی انجام دی ہیں-

واضح رہے کہ انیس سو اسّی میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) نے سپاہ پاسداران فورس کی تشکیل کا حکم دیا تھا اور یہ خود ایرانی عوام کے بطن سے ہی معرض وجود میں آئی ہے۔

 

 

ٹیگس