Apr ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • ایران، 72 ہزار کو کورونا سے نجات ملی

ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک کورونا کے بہتّر ہزار چار سو انتالیس مریض صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کیانوش جہانپور نے منگل کے روز نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایران میں کورونا کے ایک ہزار ایک سو بارہ نئے کیس سامنے آنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں اب تک بانوے ہزار، پانچ سو چوراسی افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں۔

انہوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایران میں مزید اکہتّر افراد کی اموات کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں اب تک پانچ ہزار، آٹھ سو ستتّر بیمار کورونا کے سبب زندگی کی جنگ ہار چکے ہیں۔

دریں اثنا ایران میں کورونا کے خلاف مہم کی قومی کمیٹی کے کوآرڈینیشن امور کے سربراہ نصراللہ فتحیان کا کہنا ہے کہ ایران میں اس وقت طبی عملے کے ایک لاکھ بیس ہزار افراد ڈاکٹرز اور نرسیں جبکہ حفظان صحت سے وابستہ ڈیڑھ لاکھ کارکن کورونا کے خلاف مہم میں سرگرم عمل ہیں جن میں سے اب تک سو افراد شہید ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد تیس لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جن میں سے دو لاکھ گیارہ ہزار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ نو لاکھ پچّیس ہزار سے زائد دیگر افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

ٹیگس