May ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۵ Asia/Tehran
  • صدر ایران نے میڈیکل اسٹاف اور صنعتکاروں کو خراج تحسین پیش کیا

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے میڈیکل اسٹاف اور صنعتکاروں کی کوششوں اور فداکاریوں کی قدردانی کی ہے ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کورونا کے خلاف جنگ میں اس وائرس کی روک تھام کے وسائل تیار کرنے والے ایرانی صنعت کاروں اور میڈیکل اسٹاف کی جد و جہد اور فداکاریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی، کہ وہ پہلے کی طرح ہی حفظان صحت اور طبی اصول و ضوابط کی پابندی کریں تاکہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین اور اس سے ہونے والی اموات میں کمی آئے۔

صدر مملکت نے کابینہ کے  اجلاس میں کورونا کی روک تھام کے لئے ایران میں تیار کئے گئے طبی آلات و وسائل کی برآمدات پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے، اس کے لئے ضروری احکامات بھی جاری کر دیئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے گذشتہ ہفتوں کے دوران بر وقت اقدامات اور عوام کے تعاون سے اس کے پھیلاؤ میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق کورونا کے اٹھتر ہزار، چار سو، بائیس مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ چھے ہزار، دو سو تین، مریضوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

ٹیگس