May ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۵ Asia/Tehran
  • خطے میں دشمن کی تمام سرگرمیوں پر ہماری نظر ہے: ایرانی کمانڈر

ایران کے خاتم الانبیا ایر ڈیفنس مرکز کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر قادر رحیم زادہ نے پڑوسیوں اور علاقے میں بیرونی افواج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے قومی مفادات اور علاقے کی سلامتی کے تحفظ کے لئے ملک کی مسلح افواج اور خاص طور سے ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر پوری طرح آمادہ ہیں۔

ایران کے خاتم الانبیا ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر قادر رحیم زادہ نے پیر کے روز صوبۂ ہرمزگان میں فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے مشترکہ دفاعی سسٹم کا معاینہ کیا۔

اس موقع پر بریگیڈیئر رحیم زادہ نے مسلح افواج کے ایرڈیفنس سسٹم کے فوجی کمانڈروں اور کارکنوں سے اپنے خطاب میں  کہا ہے کہ علاقے میں اغیار کی موجودگی علاقے کی سلامتی کے تحفظ کی خلاف ورزی ہے اور ان کی کوئی بھی غیر عاقلانہ کاروائی علاقے کے تمام ملکوں کی سلامتی کو بڑے خطرے سے دوچار کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا کے ملکوں کے تعاون سے علاقے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اسے مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔خاتم الانبیا ایر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر نے کہا ایران کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا اور نہ ہی اس نے کبھی کسی ملک کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے مگر وہ اپنی سرحدوں کے دفاع میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا اور جارح ملک کو منھ توڑ جواب دے گا۔

انہوں نے ایران کو اندرون ملک حاصل ہونے والی جدید ترین دفاعی ٹکنالوجی اور ملکی ماہرین کے ذریعے تیار ہونے والے فوجی ساز و سامان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی تمام فضائی سرگرمیوں پر ہماری پوری نظر ہے اور اسکی کوئی بھی حرکت ہماری دسترس سے باہر نہیں ہے۔

ٹیگس