May ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۵ Asia/Tehran
  • ایران، کورونا کی روک تھام کے وسائل برآمد کرنے کو تیار

سائنس و ٹیکنالوجی کے امور میں صدر مملکت کے مشیر مہدی قلعہ نوی نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی نالج بیسڈ کمپنیاں، کورونا کی روک تھام اور اس کے ٹیسٹ سے متعلق مصنوعات اور ساز و سامان دیگر ممالک کو برآمد کرنے کے لئے تیار ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی کے امور میں صدر مملکت کے مشیر مہدی قلعہ نوئی نے منگل کو تہران میں بتایا کہ دنیا کے دس ممالک نے اسلامی جمہوریہ ایران سے کورنا ٹیسٹ کٹس حاصل کرنے کے لئے باقاعدہ طور پر درخواست کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان ممالک کو کورونا ٹیسٹ کٹس برآمد کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

صدر مملکت کے مشیر قلعہ نوئی نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے سائنسی و تکنیکی تعاون کے سلسلے میں بھی دو ممالک کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کورونا وائرس پر ریسرچ کر رہی ہے اور اس کی حقیقت کا پتہ لگانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی کے امور میں صدر مملکت کے مشیر نے کہا ایران کے سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ادارے نے مختلف ممالک اور ایرانی و غیر ایرانی ماہرین سے کورونا وائرس کے تحقیقاتی پروجیکٹوں میں تعاون کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے کورونا کی روک تھام کے لئے بر وقت اقدامات اور عوام کے تعاون سے ملک میں اس وائرس کا زور ٹوٹ گیا ہے اور کورونا کے مریضوں کی تعداد میں غیرمعمولی کمی آئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ایران کے نائب وزیر صحت ایرج حریرچی نے بھی بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے اسپتالوں میں داخل کرائے جانے والوں اور اس کا شکار ہو کر فوت ہونے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں جس وقت کورونا وائرس اپنے عروج پر تھا اور نہایت تیزی سے پھیل رہا تھا اس وقت کی نسبت اس وقت اسپتالوں میں بھرتی ہونے والوں کی تعداد میں پچھتر فیصد، جاں بحق ہونے والوں کی شرح میں ستر فیصد اور آئی سی یو میں منتقل کئے جانے والوں کی شرح میں پینتالیس فیصد کی کمی آئی ہے۔

ایران کے نائب وزیر صحت نے کہا کہ ایران میں کورونا سے متاثر ہونے والوں میں سے ستر فیصد کی تشخیص اسکریننگ کے ذر‏یعے ہوئی ہے جو ایران کے طبی شعبے کیلئے خوش آئند ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کورنا وائرس کی روک تھام کے قومی منصوبے کے تحت اسکریننگ کے پہلے مرحلے میں اٹھتر ملین سے زیادہ ایرانی شہریوں کی اسکریننگ کا کام انجام پا چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی اب تک تیس ملین افراد کی کورونا اسکریننگ کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔انھوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں اسکریننگ زیادہ دقت کے ساتھ انجام پا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے میں ان افراد کا بھی کورورنا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے جن کے بارے میں کورونا میں مبتلا ہونے کا شک ہے یا جو کسی کورونا مریض سے رابطے میں رہے ہیں۔

ٹیگس