May ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • کورونا کا مقابلہ کرنے کےلئے عالمی تعاون ضروری: صدر روحانی

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہمہ گیر عالمی تعاون کو ضروری قرار دیا ہے۔

اپنے آسٹرین ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ کورونا سے پیدا ہونے والی دشوار صورتحال کے باوجود امریکا ایران کے خلاف پابندیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے  جس سے میڈیکل ساز وسامان اور دواؤں کی سپلائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ آئی ایم ایف کی جانب سے ایران کو قرضے کی فراہمی کی بھی مخالفت کر رہا ہے۔

ایران کے صدر نے یورپی ملکوں پر زور دیا کہ وہ عالمی مسائل اور مشکلات کے حل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں اور جامع ایٹمی معاہدے کے تحت ایران سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔

انہوں  نے مزید کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور ہمیں توقع ہے کہ یورپ، اسرائیل کو کورونا کی صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے، شام اور لبنان پر حملے اور غزہ کا محاصرہ جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔

آسٹریا کے صدر الیگزینڈر ونڈر بیلن نے کہا کہ ان کا ملک اور یورپی یونین، ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے حق میں نہیں ہیں۔ ونڈر بیلن نے امریکی اقدامات کو عالمی معاہدوں کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی پابندیوں سے متاثر ہوئے بغیر ایران یورپ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

ٹیگس