May ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۰ Asia/Tehran
  • ایرانی بحریہ کی ایک کشتی حادثہ کا شکار، 19 شہید

ایرانی بحریہ کے رابطہ دفتر نے اعلان کیا ہے کہ جاسک اور چابہار کے سمندری علاقے میں اتوار کی شام بحریہ کے جہاز اور جنگی کشتیاں معمول کے مطابق اپنی مشقوں میں مصروف تھیں کہ اسی اثنا میں ایک کشتی حادثہ کا شکار ہوئی جس میں متعدد جوان شہید و زخمی ہو گئے۔

جنوبی ایران میں جاسک اور چابہار کے سمندری علاقے میں اتوار کی شام بحری مشق کے دوران ایران کی ایک کشتی حادثہ کا شکار ہو گئی۔  اس بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے رابطہ دفتر نے بتایا کہ چند بحری جہاز اور کشتیاں فوجی مشقوں میں مصروف تھیں کہ اسی اثنا میں ایک کشتی حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں بحریہ کے انیس جوان شہید اور پندرہ زخمی ہو گئے۔ 

اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فورا اس مقام پر پہنچ گئیں اور شہیدوں اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی مراکز منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں کی حالت کنٹرول میں بتائی جاتی ہے۔

بحریہ کے رابطہ دفتر کے اعلان کے مطابق کنارک میں حادثے کی شکار کشتی کو تکنیکی جائزے اور تحقیقات کے لئے ٹرمنل منتقل کر دیا گیا۔

بحریہ کے دفتر نے دفاع وطن کے لئے اپنے کارکنوں کی مکمل آمادگی اور جذبۂ شہادت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع کی جاتی ہے کہ حادثے کے مقام پر موجود ماہرین کی ٹیموں کی تحقیقات کا نتیجہ سامنے آنے تک کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے گا۔

ٹیگس