May ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران نے صیہونیوں کے مقابلے میں لبنانی استقامت کی قدردانی کی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جنوبی لبنان میں عوام اور تحریک مزاحمت کی کامیابی کی سالگرہ پر اس ملک کی حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے لبنان کے صدر میشل عون کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں لبنانی عوام کی استقامت ایک ایسا قابل فخر کارنامہ اور تمغۂ شجاعت ہے جو لبنان کے عوام کی، خواہ وہ مرد ہوں یا خواتین، گردنوں میں درخشاں ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے بھی بیت المقدس سمیت تمام مقبوضہ علاقوں کی آزادی اور دہشت گردی کے مقابلے کا واحد ذریعہ استقامت قرار دیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے ایک ٹوئٹ میں جنوبی لبنان سے صیہونی فوجیوں کے انخلا اور غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں تحریک استقامت کی کامیابی کی بیسویں سالگرہ کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس سمیت تمام مقبوضہ علاقوں کی آزادی اور دہشت گردی کے مقابلے کا واحد ذریعہ استقامت ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے لبنانی ہم منصب ناصیف حتی اور حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں حزب اللہِ لبنان کے ہاتھوں صیہونی چنگل سے حاصل ہونے والی جنوبی لبنان کی آزادی کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے لبنان کی حکومت، عوام، شہدا کے اہل خانہ اور صیہونیوں کے خلاف جنگ میں معذور ہو جانے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی سلامتی و سربلندی کی دعا کی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے غاصب صیہونی ٹولے کے خلاف حاصل ہونے والی اس تاریخی کامیابی کو لبنانی حکومت و عوام، فوج اور استقامتی محاذ کے آپسی اتحاد کا نتیجہ قرار دیا۔

قابل ذکر ہے کہ پچیس مئی سنہ دو ہزار کو غاصب صیہونی ٹولے نے اپنی تمام تر پیشرفتہ فوجی و عسکری توانائیوں کے باوجود حزب اللہ کے جوانوں کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے جنوبی لبنان سے پسپائی اختیار کی اور اب ہر سال لبنان کے عوام اپنی اس تاریخی کامیابی کا جشن مناتے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اس تاریخی کامیابی کو لبنان کے سیاسی و سماجی شعبوں میں ترقی و پیشرفت اور عزت و آزادی کا سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ لبنانی عوام نے اپنی استقامت کے ذریعے اس بات کو ثابت کر دیا کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت و پائمردی سے اپنے تمام مطالبات کو پورا کروا سکتے ہیں۔

لبنانی فوج کے کمانڈر جوزف عون نے بھی جنوبی لبنان کی آزادی کی بیسویں سالگرہ کی مناسبت سے کہا ہے کہ آزادی و استقامت کی سالگرہ کی خوشی اسرائیل کے مقابلے میں لبنان کی بڑی عظیم اور تاریخی کامیابی ہے۔

غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے مقابلے میں لبنان کی استقامت کی کامیابی پوری دنیائے عرب کی کامیابی شمار ہوتی ہے اس لئے کہ مغربی ایشیا میں سرگرمِ عمل استقامتی محاذ غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامی امریکہ کے مقابلے میں ایک ایسا مضبوط و مستحکم ڈیم ہے کہ جس نے پورے جہان عرب کو نشانہ بنا رکھا ہے۔

ٹیگس