May ۲۷, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۶ Asia/Tehran
  • ایران میں صحتیاب ہونے والے کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ

ایران میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں تیز رفتاری سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک ملک میں ایک لاکھ گیارہ ہزار ایک سو چھیہتر کورونا مریض صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ڈاکٹر کیانوش جہانپور کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے دو ہزار اسّی نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے چار سو بارہ مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمٹ کیا گیا ہے جبکہ ایک ہزار چھے سو اڑسٹھ ایسے تھے جو کورونا مریضوں کے ساتھ رابطے میں رہے تھے اور ان کے لئے احتیاطی تدابیر کی ضرورت تھی۔ اس طرح اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد بڑھکر ایک لاکھ اکتالیس ہزار پانچ سو اکیانوے ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر جہانپور نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید چھپن مریضوں کی اموات رکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ایران میں کورونا وائرس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سات ہزار پانچ سو چونسٹھ ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد ستاون لاکھ پانچ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جن میں سے تین لاکھ باون ہزار جاں بحق اور تقریبا چوبیس لاکھ اڑتالیس ہزار سے زائد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے واپس گھروں کو جا چکے ہیں۔

ٹیگس