Jun ۰۲, ۲۰۲۰ ۲۰:۳۰ Asia/Tehran
  • ایرانی قوم کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی پابندیاں لاحاصل رہیں

اسلامی جمہوریہ ایران نے وینزویلا کے لئے تیل بردار بحری جہاز روانہ کر کے غیر قانونی امریکی پابندیوں اور ناکہ بندی کو عملی طور پر ناکام بنا دیا ہے۔

حکومت ایران کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ کے تخریبی اقدامات سے دنیا کے مختلف ملکوں کے ساتھ ایران کے گہرے تجارتی تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ علی ربیعی نے تاکید کی ہے کہ ایرانی قوم کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیاں غیر موثر رہی ہیں جن کا اس ملک کے لئے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو گا۔

انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں امریکی دھمکیوں کے باوجود وینزویلا کے سواحل پر ایران کے تیل بردار بحری جہازوں کے پہنچ جانے کا ذکر کیا اور کہا کہ تیل اور دیگر برآمداتی سامان لے جانے والے بحری جہازوں کی روانگی، عالمی تجارتی قوانین کے مطابق عام تجارتی لین دین کا صرف ایک حصہ ہے اور وینزویلا کے سواحل پر بھی ایران کے تیل بردار بحری جہازوں کا پہنچنا بین الاقوامی تجارتی قوانین خاص طور سے ایران اور وینزویلا کے درمیان تجارتی لین دین کے قانونی اصول کے مطابق ہے۔

حکومت ایران کے ترجمان نے کہا کہ ایران کو کسی بھی ملک کے ساتھ تجارت کرنے کا حق حاصل ہے اور وینزویلا میں ایران کے تیل بردار بحری جہازوں کی موجودگی تہران اور کاراکاس کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کی ناکامی کا بیّن ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب امریکہ کے پاس بھی اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں کہ وہ اپنی اس شکست کو تسلیم کرلے۔

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے بھی امریکی دھمکیوں کے باوجود ایران کی جانب سے تیل بردار پانچ بحری جہاز وینزویلا بھیجے جانے کو ایران کی کامیابی اور امریکہ کی شکست سے تعبیر کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایران کے تیل بردار بحری جہازوں کے کریبین سی پہنچنے سے بڑی طاقت ہونے کا امریکی بھرم اور جنگ سے متعلق اس کی دھونس دھمکی اور منھ زوری، سب ختم ہو گئی۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکی دھمکیوں کے باوجود آبنائے جبل الطارق اور بین الاقوای سمندری راستوں سے اپنے تیل بردار پانچ بحری جہازوں کو وینزویلا روانہ کیا اور یہ سارے بحری جہاز یکے بعد دیگرے وینزویلا کے سواحل پر لنگر انداز ہو گئے۔ ایران کے تیل بردار بحری جہازوں کے وینزویلا پہنچنے پر اس ملک کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وینزویلا کے مختلف علاقوں میں ایران کا پرچم بھی لہرا دیا گیا۔

حالیہ مہینوں کے دوران امریکہ نے وینزویلا کے خلاف دھونس دھمکی، دباؤ اور اقتصادی محاصرہ کے ذریعے اس ملک کی امریکہ مخالف حکومت کو گرانے کی خوب کوشش کی مگر ہرگز کامیاب نہ ہو سکا۔

ٹیگس