Jun ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۹ Asia/Tehran
  • امریکہ ایرانی سائنسداں کو جیل میں رکھنے کا ہرجانہ ادا کرے: علی باقری کنی

ایرانی عدلیہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کو بے گناہ ایرانی سائنسداں کو جیل میں رکھنے کا ہرجانہ ادا کرنا چاہئے۔

پروفیسر سیروس عسکری بدھ کو ایران پہنچ گئے۔ انسٹھ سالہ ایرانی سائنسداں پروفیسر سیروس عسکری پر امریکہ نے دو ہزار انیس میں اوہایو یونیورسٹی میں کچھ دستاویز چرانے کا الزام عائد کیا تھا جو غلط ثابت ہوا تاہم امریکہ کے امیگیریشن ادارے نے ان کے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بہانے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔

ایرانی عدلیہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے سیکریٹری علی باقری کنی نے تہران میں پروفیسر سیروس عسکری کی استقبالیہ تقریب سے خطاب میں امریکی عدالتوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی پروفیسر کی تحقیقاتی سرگرمیاں امریکی عدالتوں میں بڑا جرم ہے جس کی سزا تین سال کی قید ہے۔

علی باقری کنی نے امریکہ میں ہونے والے عوامی مظاہروں کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ابھی تک عراق، افغانستان اور فلسطین کے عوام امریکی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کا تاوان ادا کر رہے تھے لیکن آج امریکی صدر کے حکم سے اس ملک کے عوام پر وائٹ ہاؤس کے وحشی کتوں سے حملہ کرایا جا رہا ہے جس سے اس شیطانی حکومت کی حقیقت سب پر واضح ہو گئی ہے۔

 

ٹیگس