Jun ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  • امریکہ کا زوال شروع ہو گیا: جنرل سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ امریکہ کا اصلی چہرہ سامنے آ گیا ہے اور اس کے جعلی تشخص اور ہیبت کا بت پاش پاش ہو رہا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے دشمن اور خاص طور سے امریکہ قبل از وقت زوال کا شکار ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اب تک خوبصورت نعروں کے ذریعے دنیا میں خود کو پیش کرتا رہا ہے لیکن امریکی سماج کی دردناک صورتحال جو اب تک پوشیدہ تھی دنیا کے سامنے آشکار ہوتی جا رہی ہے۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ امریکی خود کو آزادی اور انسانی حقوق کا مرکز تصور کیا کرتے تھے لیکن آج ان کی ساری علامتیں شکست و ریخت کا شکار ہیں بلکہ وہ خاک میں ملتی جا رہی ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خلیج فارس سے لیکر وینیزویلا تک آزاد سمندروں میں ایران کے بحری جہازوں کی رفت و آمد در اصل اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم و ارادے اور طاقت کی ایک مشق تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج ایرانی قوم اپنی طاقت اور عظمت کی بلندیوں پر فائز ہے اور مشکلات کو عبور کرتی جا رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کے باوجود ایران نے پانچ تیل بردار بحری جہاز لاطینی امریکہ کے ملک وینیزویلا روانہ کیے تھے۔

ایران کے تیل بردار بحری جہاز  ایسے وقت میں وینیزویلا کی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہوئے جب امریکہ نے دھمکی دی تھی کہ ایرانی تیل بردار بحری جہازوں کو لاطینی امریکہ کے ساحلوں میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ لیکن اس کے باوجود ایران کے آئل ٹینکروں نے امریکی دھمکیوں کی پروا کئے بغیر پوری بہادری اور اعتماد کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھا اور اب وینزوئیلا کے ساحل پر تیل خالی کر کے اب وہ فاتحانہ انداز میں واپس ایران لوٹ رہے ہیں۔ امریکی حکام کی اس دھمکی کے بعد ایران کے صدر ڈاکٹر روحانی نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ نے دنیا میں کہیں بھی ایرانی تیل بردار بحری جہازوں کا راستہ روکنے کی کوشش کی تو تہران اس پر خاموش نہیں رہے گا۔

ایران سے تیل لیکر وینیزویلا جانے والے پانچوں بحری جہاز اپنا مشن مکمل کرکے یکے بعد دیگر واپس پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

ٹیگس