Jun ۱۶, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۵ Asia/Tehran
  • عالمی و علاقائی مسائل میں ایران و روس کی یکجہتی

ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے عالمی مسائل کے حل میں یکطرفہ طور پر غیر قانونی اقدامات کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے منگل کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ تہران اور ماسکو، علاقائی و عالمی مسائل کے حل میں بین الاقوامی قوانین پر منصفانہ عمل کے ساتھ کثیر الجہت طریقے کو فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور روس بین الاقوامی ضوابط و اصول اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ہی مختلف ملکوں کے درمیان منطقی تعاون اور دوستانہ روابط سے متعلق عالمی قوانین و اصول پر  زور دیتے ہیں۔

دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تہران اور ماسکو کسی بھی ملک کی قانونی حکومت کو تبدیل کرنے کے مقصد سے ان کے داخلی مسائل اور  خارجہ امور میں مداخلت کی مذمت کرتے ہیں۔ اس مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران اور روس، عالمی قوانین پر مبنی مصنفانہ بین الاقوامی نظام کے قیام اور بین الاقوامی قوانین کو فروغ دینے کے مقصد سے آپس میں تعاون کو بڑھاتے رہیں گے۔

ٹیگس