Jul ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران فلسطین کے تئیں انسانی، اسلامی اور انقلابی فرائض انجام دیتا رہے گا: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور اسے جعلی و غاصب صیہونی حکومت کے شر سے نجات دلانے کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فلسطین کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں حماس کے سربراہ ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ کے خط کے جواب میں مظلوم فلسطینوں کے لیے ایران کی حمایت جاری رکھنے اور جعلی و غاصب صیہونی حکومت کی شرپسندی کے خاتمے پر زور دیا ہے۔

پیر کو جاری کیے جانے والے اس خط میں رہبر انقلاب اسلامی نے حماس کے سربراہ ڈاکٹر اسما‏عیل ہنیہ کو مخاطب کرتے ہوئے امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں کے مقابلے میں فلسطینی استقامتی محاذ کے اقدامات کی قدردانی کی اور انہیں امت مسلمہ کی عزت و سربلندی کا باعث قرار دیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ میدانی لحاظ سے نا قابل تلافی شکست اور ناکامیوں کا سامنا کرنے والے کمزور دشمن نے اپنی توسیع پسندانہ  منصوبوں اور فلسطینیوں کے مسلمہ حقوق کی پامالی کے لئے پہلے تو غزہ کے مظلوم عوام کے اقتصادی دباؤ اور محاصرے کا ہتھکنڈہ اپنایا اور اس کے بعد مذاکرات کے حیلے اور امن و صلح اور سازباز کے نام پر آگے بڑھانے کی کوشش کرتا رہا ہے-

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ استقامتی تحریک اور فلسطین کی بہادر قوم، منطق، عقل اور تجربے کی بنیاد پر دشمنوں کی دھکمیوں اور پیشکش کے جھانسے میں نہیں آئے گی اور ماضی کی طرح اپنی بے مثال استقامت کے ذریعے عزت و سربلندی کا راستہ اپنائے گی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خط میں دشمن کے ناپاک منصوبوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے فلسطینی عوام اور فلسطینی تحریکوں کے درمیان اتحاد، یکجہتی اور ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کی طرح انسانی اور اسلامی فریضے کو ادا کرتا رہے گا اور اسلامی انقلاب کے بنیادی اصولوں کے مطابق فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت، ان کے حقوق کی بازیابی نیز انہیں جعلی اور غاصب صیہونی حکومت کے شر سے نجات دلانے کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

ٹیگس