Jul ۱۸, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • عالمی برادری سعودی اتحاد کے جرائم کو روکے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب کی زیر قیادت اتحاد کی جانب سے یمن کے شہر الحجہ اور الجوف میں شادی کی تقریب پر حملے کی شدید مذمت کی۔ آل سعود کے اس ہولناک حملے میں 25 نہتے شہری شہید ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے شادی کی تقریب پر حملے کے نتیجے میں 25 نہتے شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ یمن میں سعودی اتحاد کے جرائم کے سامنے بین الاقوامی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

سید عباس موسوی نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے کہا کہ وہ یمن میں سعودی اتحاد کے جرائم کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ یمن پر جارحیت کرنے والے ممالک کیلئے فوجی ساز و سامان تیار کرنے والے ممالک جو یمنی خواتین اور بچوں کو بموں کے ذریعے بے دردی سے قتل کرتے ہیں وہ سب ان جرائم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کو یمنی عوام اور بین الاقوامی برادری کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن میں سعودی اتحاد کی جارحیت ایسے عالم میں جاری ہے کہ جب  اقوام متحدہ نے حالیہ دنوں میں امریکی دباؤ کے تحت اور سعودی عرب کی مالی حمایت کے سبب، اُس کا نام بچوں کو قتل کرنے والے ممالک کی فہرست سے  نکال دیا ہے۔

سید عباس موسوی نے اقوام متحدہ سے اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرنے کے علاوہ حملوں کو جلد از جلد روکنے اور یمن کے نہتے شہریوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

6: https://chat.whatsapp.com/DZdWBKZsv7v06U6c7eoOne

ٹیگس