Aug ۱۰, ۲۰۲۰ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • خلیج فارس تعاون کونسل، ایران مخالف لابی کی ترجمان: ترجمان وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران پر اسلحہ کی پابندی میں توسیع کے حوالے سے خلیج فارس تعاون کونسل کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس تعاون کونسل اپنی نا اہلی کے عروج پر ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے ایران پر اسلحہ کی پابندی کی توسیع پر خلیج فارس تعاون کونسل کے سیکریٹریٹ کی جانب سے ایران کے خلاف غیر تعمیری موقف پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کہ جو اپنی نا اہلی اور داخلی تقسیم اور غیر حقیقت پسندانہ پالیسیوں کے عروج پر ہے، اُس نے خطے کے حقائق کو نظرانداز کرکے اس حساس صورتحال میں حقائق اور ترجیحات پر آنکھیں بند کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کونسل کے سیکریٹری جنرل کا غیر ذمہ دارانہ بیان یکطرفہ طور پر جاری ہوا ہے اور اس حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ کونسل کے کچھ ممبران ، معاشی سختی کے وقت بھی اسلحہ کی خریداری اور ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں اور وہ اس خطے اور دنیا کے سب سے بڑے اسلحہ خریدنے والوں میں شامل ہیں اور بلاشبہ امریکہ کے مفادات ایسے ہی نقطہ نظر اور جھوٹے دعوؤں کے ساتھ ان ممالک کو مزید ہتھیاروں کی فروخت سے وابستہ ہیں۔

سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے  ایسا لگتا ہے کہ نام نہاد خلیج فارس تعاون کونسل، اس کے اندر اور اس خطے سے باہر کچھ کج فہم افراد کی غلط اور تباہ کن پالیسیوں اور طرز عمل کی وجہ سے ایران مخالف افراد کی ترجمان بن گئی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن میں نہتے عوام اور بے دفاع بچوں کو خاک و خون میں غلطاں کرنے کی صورت حال اس کونسل کے کچھ ممبروں کی غلط پالیسیوں کی ایک ٹھوس مثال ہے، جو ہر روز مغربی ہتھیاروں اور اس کونسل کے رہنماؤں کے ذریعہ دنیا کی نظروں کے سامنے وجود میں آ رہی ہے۔

واضح رہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک مراسلہ بھیج کر ایران پر اسلحہ کی پابندی میں توسیع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس