Aug ۱۹, ۲۰۲۰ ۲۰:۱۹ Asia/Tehran
  • افغانستان کے لیے گندم لانے والا ساتواں ھندوستانی بحری جہاز چابہار پہنچ گیا

افغانستان کے عوام کے لیے گندم لانے والا ہندوستان کا ساتواں بحری جہاز ایران کی بندرگاہ چابہار پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔

ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل پورٹ اینڈ شپنگ بہروز آقائی نے بتایا ہے کہ افغانستان کے لیے تقریبا آٹھ ہزار آٹھ سو ٹن گندم لے کر ایک اور ہندوستانی بحری جہاز چابہار پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی اس کھیپ کو زمینی راستے سے افغانستان کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ بہروز آقائی کا کہنا تھا کہ پچھلے پانچ ماہ کے دوران ہندوستان کی جانب سے افغانستان بھیجے جانے والے گندم کے ایک ہزار سات سو کنٹینر چابہار کی بندرگاہ پر اتارے جا چکے ہیں جنہیں ٹرکوں کے ذریعے افغانستان بھیج دیا گیا ہے۔

ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں واقع چابہار بندرگاہ کھلے سمندر کی واحد ایرانی بندرگاہ ہے جو بحیرہ مکران اور بحرِ ھند کے ساحل پر واقع ہے۔ چابہار بندرگاہ اپنی اسٹریٹیجک پوزیشن اور خشکی میں گھرے افغانستان، ترکمنستان، ازبکستان، تاجیکستان، قرقیزستان اور قزاقستان جیسے ملکوں کے لئے آزاد سمندری راستوں تک آسان رسائی کے پیش نظر خاص اہمیت کی حامل ہے۔

ٹیگس