Aug ۲۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۵۹ Asia/Tehran
  • قاسم سلیمانی اور ابو مہدی نامی تباہ کن میزائیل تیار کر لئے گئے

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے دفاعی صنعتوں کے قومی دن کے موقع پر متعدد دفاعی منصوبوں کی رونمائی اور ان کا افتتاح کیا ہے۔

صدر حسن روحانی نے جمعرات کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ایران کی ڈرون ٹکنالوجی نمائش، قومی ٹربوجیٹ انجن ’اوج‘، ’شہید قاسم سلیمانی‘ بیلسٹک میزائل، شہید ’ابو مہدی‘ کروز میزائل اور لائٹ ٹربو فین انجن ’جہش‘ کی رونمائی کی۔

ایران ایوی ایشن انڈسٹریز کے قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل ہوشنگ کریمیان نے اصفہان میں شروع ہونے والی ڈرون ٹیکنالوجی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش میں کرار، مہاجر، فطرس، ابابیل اور صادق قسم کے مختلف النوع ڈرون طیاروں کی نمائش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرار نامی ڈرون طیارے اسٹریٹیجک نوعیت کے ہیں اور انہیں دفاعی اور عسکری دونوں سطح پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔مہاجر اور خاص طور سے مہاجر ۶ قسم کے ڈورن طیارے جنگی نگرانی کے کام میں لائے جاتے ہیں، فطرس قسم کے ڈرون طیارے عسکری نوعیت کے ہیں اور یہ لانگ رینج ہونے کے علاوہ مسلسل پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ابابیل اور صادق قسم کے ڈرون طیارے سرچ آپریشن اور نگرانی کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

دفاعی صنعتوں کے قومی دن کے موقع پر نیشنل ٹربو جیٹ انجن کی پروڈکشن لائن کا بھی باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے جس کے بعد ایران دنیا میں جنگی جہازوں کے انجن تیار کرنے والے دنیا کے آٹھ ملکوں کی صف میں شامل ہو گیا ہے۔

اس موقع پر حاج قاسم سلیمانی بیلسٹک میزائل کی بھی رونمائی کی گئی جسے بہت کم وقت میں چلانے کے لیے آمادہ اور فائر کیا جا سکتا ہے۔ یہ میزائل تیز رفتاری کے ساتھ ریڈار کی رینج میں آئے بغیر چودہ سو کلومیٹر کی حدود میں طے شدہ ہدف کو پوری اکیوریسی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ابومہدی کروز میزائل کا تعلق سومار اور ہویزہ میزائلوں کی فیملی سے ہے اور یہ ایک ہزار کلومیٹر دور تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل تین ہزار ٹن وزنی بحری جہازوں کو تباہ کر سکتا ہے۔

قائم مقام وزیر دفاع قاسم تقی زادے نے میزائلوں کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران دفاعی لحاظ سے اس مقام پر کھڑا ہے جہاں ایران کی غیور قوم کے بدخواہوں کا ذہن بھی نہیں پہنچ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بیلسٹک میزائل کے شعبے میں ایرو ڈائنامک ٹیکنالوجی میں داخل ہو گیا ہے۔

یہ بھی دیکھئے: دشمنان ایران ہوشیار! شہید قاسم سلیمانی تباہ کن میزائل تیار کر لیا گیا

جنرل تقی زادے نے حاج قاسم بیلسٹک میزائل کے بارے میں کہا یہ بیلسٹک میزائل مکمل طور پر ٹیکٹیکل ہے اور دنیا میں مروجہ میزائلوں کے برخلاف ایرو ڈائنامک کنٹرول سسٹم پر استوار ہے جس کی دنیا میں کوئی مثال موجود نہیں۔

ایران کے قائم مقام وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ابومہدی میزائل مختلف اوقات میں مختلف راستوں سے ایک ہی ہدف کو نشانہ بنانے کی توانائی رکھتا ہے اور یوں دشمن کا ایئر ڈیفنس سسٹم ناکارہ ہوکے رہ جاتا ہے۔

ٹیگس