Aug ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر دفاع روس کے دورے پر ماسکو پہونچے

ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ تہران اور ماسکو کے درمیان عسکری تعاون مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔یہ بات انہوں نے ایک اعلی سطحی دفاعی اور عسکری وفد کے ہمراہ ماسکو پہنچنے پر ہمارے نمائندے سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے تہران ماسکو تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کورونا کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا عمل کچھ متاثر ضرور ہوا ہے تاہم مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے۔

انہوں نے کہا ایران اور روس کے درمیان عسکری تعاون کی سطح مثبت اور آگے کی سمت گامزن ہے۔
 بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں کے دوران ایران اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماسکو میں اپنے قیام کے دوران روسی حکام سے علاقائی صورتحال اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے بارے میں بات چیت کریں گے۔
حالیہ برسوں کے دوران ایران اور روس کے درمیان جہاں سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں تعاون کو فروغ ملا ہے وہیں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری میدان میں بھی تعاون کی سطح تیزی کے ساتھ بلند ہوئی ہے اور اس کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔
جو بات ایران کے وزیر دفاع کے حالیہ دورۂ روس کو اہم بناتی ہے وہ یہ ہے کہ تہران اور ماسکو کی اعلی قیادت نے سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کی امریکی قرارداد کی ذلت آمیز ناکامی کے بعد تمام شعبوں خاص طور سے دفاعی اور عسکری میدان میں باہمی تعاون کے سلسلے کو آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔
ایران اور روس کے درمیان ایٹمی معاہدے کے علاوہ اہم علاقائی معاملات پر تہران اور ماسکو  میں متعدد اہم اجلاس ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک نے امریکہ کی رخنہ اندازیوں کے باوجود خطے میں دہشت گردی کی بیخ کنی کے حوالے سے بھی بڑے اور اہم قدم اٹھائے ہیں۔
دونوں عسکری میدان میں تعاون کے فروغ کے جامع اور اسٹریٹیجک منصوبے پر بھی عمل پیرا ہیں اور گزشتہ دنوں ایران روس اور چین کے درمیان ہونے والی مشترکہ فوجی مشقیں اسی منصوبے کا حصہ ہیں۔
 اس پس منظر میں دیکھا جائے تو ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا حالیہ دورۂ روس اس واضح پیغام کا حامل ہے، کہ تہران ماسکو تعلقات اسٹریٹیجک اہداف پر استوار ہیں اور ان کا مقصد اجتماعی سلامتی اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔
 ایسے وقت میں جب امریکہ خطے کے ملکوں اور ایران کے درمیان تعلقات اور تعاون کے فروغ میں رخنہ اندازی کی کوشش کر رہا ہے، تہران ماسکو تعاون اور تعلقات کا فروغ اسٹریٹیجک اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
 

ٹیگس