Aug ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • ایک ذاکر، ایک عزادار،  کروڑوں ناظر !

تہران کے حسینیہ امام خمینی (رہ) میں اس سال مجالس کا سلسلہ قدیمی روایت سے ذرا ہٹ کے ایک الگ اور مختلف انداز میں شروع ہوا ہے۔ اسکی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ذاکر اور خطیب کے علاوہ صرف رہبر انقلاب اسلامی تنہا مخاطب اور عزادار کے طور پر فرش عزا پر موجود رہیں گے۔

حسینیہ امام خمینی میں  ہر سال 7 محرم سے 12 محرم تا مجالس سید الشہدا کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں دسیوں ہزار کی تعداد میں ایران کے مختلف شہروں سے عزاداران امام حسین ع شرکت کرتے تھے اور اس مجلس کی خاص بات یہ ہوتی تھی کہ رہبر انقلاب اسلامی  خود بانی مجلس اور ایک عزادار کے طور پر  مجلس میں شریک رہتے تھے-

حسب دستور قدیم امسال بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی جانب سے تہران کے حسینیہ امام خمینی (رہ) میں مجالس عزا کا سلسلہ تو شروع ہوا مگر ایک انوکھے انداز میں  ۔ اس سال سلسلے کی پہلی مجلس گزشتہ شب منعقد ہوئی جس کو آیت اللہ صدیقی نے خطاب کیا اور اس میں مصائب اور نوحہ خوانی کے فرائض حجت الاسلام مرتضیٰ وافی نے انجام دئے۔

مجلس کی خاص بات یہ رہی کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر گزشتہ برسوں کے برخلاف حسینیہ امام خمینی (رہ) مکمل طور پر عزاداروں سے خالی تھا اور ذاکر کے علاوہ صرف آیت اللہ خامنہ ای تنہا مخاطب اور عزادار کے طور پر فرش عزا پر موجود تھے۔ یہ مجلس براہ راست سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلوں سے نشر کی گئی۔ یہ سلسلہ مجالس آئندہ پانچ شبوں تک جاری رہے گا۔

طبی ماہرین کے علاوہ دینی قیادت منجملہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای اور آیت العظمی سیستانی نے مجالس عزا اور عزاداری کے دوران طبی اصولوں، ضابطوں اور اعلان شدہ خاص پروٹوکول کا مکمل خیال رکھنے کی تاکید کی ہے۔

ٹیگس