Sep ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۶:۴۵ Asia/Tehran
  • امریکہ کا ایران مخالف کوئی بھی مقصد پورا نہیں ہو سکتا، صدر مملکت

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانی قوم کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے نفاذ میں امریکی اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام ، ایران کے خلاف اپنے کسی بھی مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ امریکہ سمجھتا تھا کہ ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ اور پابندیاں عائد کر کے ایرانی قوم کو جھکنے پر مجبور کر دے گا مگر اس کا یہ مقصد پورا نہ ہو سکا بلکہ اس وقت امریکہ کی پوزیشن اور ساکھ و وقار نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بلکہ عالمی سطح پر اور خود امریکیوں کی نظر میں بھی بہت گر گیا ہے۔ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دشمنوں نے جھوٹی خبروں کے چینل شروع کرکے ایرانی قوم کے خلاف حتی المقدور زہریلا اور منفی پروپیگنڈہ کیا اور ان چینلوں سے مختلف بہانوں سے ایرانی قوم کے مفادات کو نشانہ بنانے کے ساتھ کسی نہ کسی طریقے سے ایرانی عوام میں تشویش و بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی اور مختلف منڈیوں میں بحران بھی کھڑا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی تاہم  ایرانی قوم کی ذہانت و ہوشیاری اور ایرانی قوم کی جانب سے دیئے جانے والے منھ توڑ جواب سے یہ ساری سازشیں شکست سے دوچار ہو گئیں اور مسلسل ناکامی سے دوچار ہو رہی ہیں۔

صدر مملکت نے اسی طرح دشمن کے اقتصادی دباؤ اور ظالمانہ پابندیوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم اور تمام حکومتی ارکان اور انتظامیہ نے موجودہ سخت ترین حالات میں اپنی پوری توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے کورونا وائرس جیسی موذی وبا کے دور میں بھی ملک کی اقتصادی ترقی جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا اور سعی و کوشش جاری رکھی ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران ملک کی معیشت تیزی سے آگے بڑھی ہے۔

دوسری جانب ایران کے خاتم الانبیا ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے کہا ہے کہ دشمنوں کو چاہئے کہ وہ ایرانی قوم اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے آہنی عزم و ارادے کو آزمانے سے باز رہیں ۔میجر جنرل غلام علی رشید نے بدھ کے روز جنوبی ایران کے مکران سواحل پر ذوالفقار ننانوے مشترکہ فوجی مشقوں کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی کمانڈروں سے خطاب  میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی فوجی طاقت و توانائی  قابل فخر ومباہات ہے، کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کے اوائل کے سیکورٹی مسائل اور آٹھ سالہ مقدس دفاع کے بعد کے چار عشروں میں ایرانی فوج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے اور دشمنوں کا منہ  توڑ جواب دینے کے لئے اور زیادہ مضبوط و مستحکم ہو چکی ہے  اور ہر طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے بھرپور طاقت و توانائی اور مکمل آمادگی رکھتی ہے۔

ایران کے خاتم الانبیا ایئرڈیفنس ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی رشید نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج اور ایرانی قوم کی جنگ اور مقدس دفاع کے تجربے کا بہترین نتیجہ، کسی بھی طرح کے خطرے کا مقابلہ اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور اور منھ توڑ جواب دینے کے لئے فوجی طاقت و توانائی کے استعمال اور مکمل دفاعی آمادگی کی صورت میں برآمد ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور ایرانی فوج کے لئے یہ بات فخر کی ہے کہ دشمن ایران کی عوامی اور فوجی طاقت سے خوف زدہ ہے اور امید ہے کہ یہ دشمن اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی عزم و ارادے اور فوجی طاقت و توانائی کو آزمانے کی غلطی نہیں کریں گے۔

ٹیگس