Sep ۱۹, ۲۰۲۰ ۲۳:۱۸ Asia/Tehran
  •  امریکہ کے ہر اقدام کا دندان شکن جواب دیا جائےگا: ایران

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹراٹیجک کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے منشورکی شق 51 کے مطابق اپنے ذاتی اور قومی و ملکی دفاع کا بھر پور حق حاصل ہے اور سکیورٹی کونسل کی قرارداد 2231 کی خلاف ورزی کرنے پر امریکہ کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

 ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹراٹیجک کونسل کے سربراہ اور ایران کے سابق وزیر خارجہ سید کمال خرازی نے آج بروز ہفتہ کہا کہ ایران سے متعلق امریکی بیانات اور پروپیگنڈے اتنے غلط ، بے بنیاد اور جھوٹے ہیں کہ امریکہ کے اتحادی بھی امریکہ کے اس کھلے اور آشکارا جھوٹ کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

ایران کے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ ناجائز اورغیر قانونی طریقے  سے دوسرے ممالک پر اپنی دھونس اور دھمکی جمانے کی کوشش کرتا رہتا ہے اور امریکہ نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لئے اقوام متحدہ کے منشور کی شق 51 کی روشنی میں امریکہ کے ہر اقدام کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے آمادہ ہے۔

سید کمال خرازی نے امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ ایران کیلئے اس بات کی کوئی اہمیت نہیں ہے کہ نومبر کے مہینے میں ہونے والے انتخابات میں کون کامیاب ہوتا ہے اس لئے کہ ایران کیلئے امریکی پالیسیاں اہم ہیں۔

 

ٹیگس