Oct ۱۴, ۲۰۲۰ ۰۹:۲۲ Asia/Tehran
  • دہشتگردوں کو علاقے میں آنے سے روکا جائے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ تہران، جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ کے خاتمے اور دہشتگردوں کی علاقے میں آمد و رفت کو روکنے سے متعلق ہر قسم کے اقدام کی حمایت کرتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے ترجمان علی ربیعی نےصحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ کے خاتمے اور لوگوں کے قتل کو روکنے کے لئے ہر قسم کے اقدام کی حمایت کریں گے، اس لئے کہ علاقے میں دہشت گردوں کا وجود اور کسی بھی ملک کے ذریعہ خطے میں دہشت گردوں کی موجودگی اس ملک کے لئے نقصان دہ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ قرہ باغ میں جو بھی فیصلہ لیا جاتا ہے تنازعات میں شامل تمام فریقوں کی اس میں شمولیت ضروری ہے۔

ایران کی حکومت کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم امن کی سمت ایک قدم کی حیثیت سے ناگورنو اور قرہ باغ خطے میں دشمنیوں کے خاتمے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اپنے ہمسایہ ممالک سے بین الاقوامی قوانین اور علاقائی سالمیت کے احترام پر مبنی سنجیدہ مذاکرات میں حصہ لینے اور کوئی بھی اقدام جو جنگ بندی کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بنے اس سے اجتناب کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

علی ربیعی نے شہریوں کے قتل پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات کی روک تھام کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خطے اور ہمارے ممالک کے عوام کو پہلے سے کہیں زیادہ امن و امان کی ضرورت ہے۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

ٹیگس