Oct ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۴:۳۴ Asia/Tehran
  • علاقہ امریکی دہشتگردوں کے لئے غیر محفوظ ہو چکا ہے: سپاہ

ایران کی سپاہ قدس کے ڈپٹی کمانڈر نے امریکی صدر ٹرمپ کے اس بیان کے ردعمل میں کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد سے علاقہ امریکی فوجیوں کے لئے زیادہ محفوظ ہو گیا ہے، کہا ہے کہ اگر علاقہ تمہارے لئے محفوظ ہو گیا ہے تو کیوں علاقے سے فرار کر رہے ہو۔

ایران کی سپاہ قدس کے ڈپٹی کمانڈر سید محمد حجازی نے تہران میں ’’غریب الوطن مجاہدین‘‘ کے زیرعنوان پانچویں بین الاقوامی کانفرنس میں کہا کہ پوری دنیا میں امریکی فوجی خوف و ہراس میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان سے فوری طور پر فرار ہونا چاہتا ہے اور علاقے سے انخلا کا اس کا یہ طریقہ اس خوف و ہراس کا مظہر ہے جو امریکی فوجیوں (دہشتگردوں) کو لاحق ہے۔

جنرل سید محمد حجازی نے کہا کہ اس وقت امریکہ ایسی تنہائی کا شکار ہے کہ جس کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے جبکہ تحریک استقامت بدستور جاری ہے اور تجربے سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ استقامتی محاذ نے ہمیشہ کامیابی حاصل کی ہے اور اس کی ترقی و پیشرفت کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے جبکہ دشمن کو ہمیشہ پستی اور ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایران کی سپاہ قدس کے ڈپٹی کمانڈر نے اسی طرح غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ بعض عرب ملکوں کی جانب سے تعلقات استوار کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی مسلمان قومیں اس قسم کے اقدامات کے سخت خلاف ہیں۔

فلسطین اور مستقبل کے عالمی نظم کے موضوع پر غریب الوطن مجاہدین کی پانچویں بین الاقوامی کانفرنس تہران میں منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس  میں عالمی استکبار کے خلاف مہم کا پرچم لہرانے والے نائیجیریا، یمن، فلسطین، لبنان و بحرین کے نمائندوں کی قدردانی کی گئی۔

کانفرنس کے  سیکریٹری حسین اکبری نے کہا کہ اس اجلاس میں کورونا کے خاص حالات اور بندشوں کے پیش نظر فقط ایران میں مقیم غیر ملکیوں کو دعوت دینے پر اکتفا کی گئی اور ملک کے باہر سے اس سال کسی کی شرکت ممکن نہ ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں مختلف اسلامی ملکوں کے سفرا، مجاہد رہنماؤں اور فلسطین کے استقامتی گروہوں کے لیڈران نے شرکت کی۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت نائیجیریا، یمن، فلسطین، لبنان اور بحرین کے عوام عالمی استکبار کے خلاف پرچم اٹھائے ہوئے ہیں اور ایران میں ان کے نمائندوں کی جانفشانیوں، قربانیوں اور جد وجہد کا قدرداں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ماہ صفر کے آخری روز ایران میں اس قسم کا بین الاقوامی اجلاس منعقد ہوتا ہے، تاریخ کے مطابق اس دن فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم شہادت ہے۔

ٹیگس