Oct ۲۵, ۲۰۲۰ ۲۱:۲۷ Asia/Tehran
  • آذربائیجان- آرمینیا سرحد پر ایرانی فوج تعینات

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا سے لگنے والی سرحد پر فوجی اور ٹینک تعینات کر دیئے ہیں۔

قرہ باغ- ناگورنو تنازع کی وجہ سے گزشتہ ایک مہینے سے جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

اس دوران متعدد گولے اور ڈرون طیارے ایران کی سرحد میں بھی گرے ہیں۔

تہران نے پہلے تو دونوں ہمسایہ ممالک کو خبردار کیا تھا کہ جان بوجھ کر یا غلطی سے ایران کے کسی بھی شہری کو نقصان پہنچانے سے پرہیز کریں۔

اتوار کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ سرحدی علاقوں خدا آفرین اور جلفا میں بری فوج کی ایک بریگیڈ کو ٹینکوں اور ديگر فوجی ساز و سامان کے ساتھ تعینات کر دیا گیا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا کہنا ہے کہ ملک کی شمال مغربی سرحدوں کی سیکورٹی میں احتیاط کے لئے یہ تعیناتی کی گئی ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایک کمانڈر نے بتایا کہ ملک کی سیکورٹی اور ارضی سالمیت کی حفاظت اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی سیکورٹی کے لئے فوجی دستے کو تعینات کیا گیا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر محمد پاکپور نے سنیچر کے روز ایران کی مغربی سرحد کے دورے کے دوران وارننگ دی تھی کہ اگر ہماری سرحدوں کو کوئی خطرہ لاحق ہوتا ہوا تو ہم اس کا مناسب جواب دیں گے۔

 

ٹیگس