Oct ۳۱, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ترکی میں شدید زلزلے سے ہلاکتوں پر ایران کی تعزیت

ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں آنے والے شدید زلزلے سے اب تک بیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ ساڑھے سات سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صحت سعید نمکی نے ترکی کے وزیر صحت فخرالدین کوجا کے نام اپنے پیغام میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کے تعاون اور مدد کیلئے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا۔

ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے بھی جمعے کی شب ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو کے نام اپنے ایک پیغام میں زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد سے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

ترکی کے ساحلی شہر میں آنے والے زلزلے کی شدت ری ایکٹر اسکیل پر 7 ریکارڈ کی گئی جس کے سبب متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

بعض ذرائع کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں اب تک 20 افراد جاں بحق اور 750 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی شدت استنبول سے یونان کے دارالحکومت ایتھنز تک محسوس کی گئی۔

خیال رہے کہ مقامی وقت کے مطابق جمعے کو دن میں دو بچ کر اکیاون منٹ پر یہ زلزلہ آیا تھا جس  سے ساحلی شہر ازمیر کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے ۔ یہ شہر استنبول اور انقرہ کے بعد ترکی کا تیسرا بڑا شہر ہے جس کی آبادی تہس لاکھ بتائی جاتی ہے۔

ٹیگس