Nov ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • امریکی عوام نے بھی ٹرمپ کی غلط پالیسیوں کو مسترد کر دیا: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے امریکہ کے صدارتی انتخابات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ حکومت کی غلط پالیسیوں کو نہ صرف پوری دنیا بلکہ امریکی عوام نے بھی مسترد کردیا ہے۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اقتصادی ہماہنگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مستقبل کی امریکی حکومت کو ماضی کی غلطیوں کی تلافی کا ایک موقع ملا ہے اور اسے چاہئے کہ وہ عالمی اصولوں کا احترام کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے جامع ایٹمی معاہدے کے تمام فریقوں کی جانب سے ذمہ دارانہ پابندی کی صورت میں اپنے عہد و پیمان پر عمل کیا ہے اور دنیا کے ساتھ تعمیری اشتراک عمل کو اپنی حکمت عملی سمجھتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مزید کہا کہ ایران کے عوام نے مسلط کردہ اقتصادی جنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کر کے یہ ثابت کردیا کہ امریکہ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسیاں ناکام ہوگئی ہیں۔

صدر روحانی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پڑوسیوں کے درمیان تعاون و اشتراک عمل بڑھا کر علاقے میں امن و ترقی کو فروغ دیا جائے اور زیادہ سے زیادہ مضبوطی اور تیزی کے ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی و استحکام کی راہ پر آگے بڑھا جائے۔

خیال رہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات ۲۰۲۰ میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن نے دوسو نوے الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے موجودہ صدر اور اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست ددے دی ہے۔ ٹرمپ صرف دوسو چودہ الیکٹورل ووٹ ہی حاصل کر سکے۔

ٹیگس