Nov ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • یورپی ٹرائیکا کا دعوا بے بنیاد ہے، یورپ اپنے وعدوں پر عمل کرے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ تینوں یورپی ملکوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کو چاہئے کہ سیاسی تشہیراتی مہم چلانے کے بجائے ایٹمی معاہدے کے دائرے میں اپنے تمام فرائض پر مکمل طور پر عمل کریں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے آئی اے ای اے کے ساتھ ایران کے تعاون کے بارے میں تین یورپی ملکوں کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی پرامن جوہری سرگرمیاں مکمل طور پر قانونی اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے دائرے میں ہیں اور ملکوں کے مسلمہ حق کے حصول کے ضابطے کے تحت یہ سرگرمیاں جاری ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایٹمی معاہدے کے سلسلے یورپ کی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی اور ایران کے خلاف شدید ترین پابندیوں کے نفاذ نیز ایٹمی معاہدے کے تحت ایران کو دئے گئے فوائد پہنچانے میں یورپی ملکوں کی وعدہ خلافی کے بعد ایران نے معاہدے کی شقوں چھبیس اور چھتیس کے تحت قدم اٹھایا جو ایٹمی معاہدے کے عین مطابق ہے۔

واضح رہے کہ تین یورپی ملکوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے نتیجے میں تمام کمیوں اور نقصانات کو پورا کرنے کے حوالے سے اپنے وعدوں پر عمل میں ناکامی کے باوجود بدھ کے روز ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ یورپی ملکوں کی نیک نیتی کے باوجود ایران نے ایٹمی معاہدے کی بڑی خلاف ورزی کی ہے۔

ٹیگس