Nov ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۶:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران کے انہتر شہر کورونا کے ریڈ زون سے باہر نکل آئے

ایران کے نائب وزیر صحت نے کہا ہے کہ کورونا کی روک تھام کے لئے ایس او پیز نافذ کرنے سے کل اناسی شہروں میں سے انہتر شہر ریڈ زون سے نکل کر اورینج زون میں آ گئے ہیں۔

ڈاکٹر ایرج حریرچی نے بدھ کو ایران کے نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے لحاظ سے جن شہروں کو ریڈ زون قرار دیا گیا تھا ان میں کورونا میں مبتلاء ہونے والوں اور اسپتالوں میں داخل کرائے جانے والوں کی تعداد کم ہوئی ہے۔

ایران کے نائب وزیر صحت ڈاکٹر ایرج حریرچی نے کہا کہ ایران، پابندیوں اور کورونا، دونوں  محاذوں پر بیک وقت بر سر پیکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پابندیوں کے باعث کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ایران کے نائب وزیر صحت نے کہا کہ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے باعث دوائیں اور آنفلونزا ویکسین ملک کے اندر نہیں پہنچنے دی جا رہی ہے جبکہ اس کی قیمت ادا کی جا چکی ہے۔

ڈاکٹر ایرج حریرچی نے کہا کہ پابندیوں کے باوجود تین طریقوں سے کورونا کی ویکسین فراہم کرنے کا انتظام کیا جا رہا ہے، خود ایران میں اسے تیار کیا جانا، دوسرے ممالک سے اس کی خریداری اور دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ طور پر اسے تیار کرنا ہمارے پروگرام میں شامل ہے۔

ایران کے نائب وزیر صحت نے کورونا ویکسین کی تیاری میں ایرانی نالج بیسڈ کمپنیوں کی کامیابیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی تحقیقات کمیٹی نے کورونا کے ایرانی ویکسین کی توثیق و تائید کر دی ہے اور وہ ان لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر دی جائے گی جو ذیابیطیس وغیرہ جیسی کسی خاص بیماری میں مبتلا ہوں گے ۔

ٹیگس