Jan ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۱ Asia/Tehran
  • امریکی شیطنتیں ہم سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں: خطیب زادہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم عراق اور علاقے میں امریکہ کے خفیہ اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں علاقے میں امریکی اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی شیطنتیں ہم سے چھپی ہوئی نہیں ہیں اور ہم عراق و علاقے میں اس کے خفیہ اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ بعض کشیدگیوں بالخصوص عراق میں قدس کی غاصب حکومت کے عوامل اور اس کے اتحادیوں کا ہاتھ نظر آ رہا ہے، خطیب زادہ نے کہا کہ ایران علاقے میں کشیدگی نہیں چاہتا لیکن اپنی سرحدوں کے دفاع میں ذرہ برابر پس و پیش سے کام نہیں لے گا اور کسی بھی طرح کی جارحیت کا براہ راست اور کھلا جواب دے گا۔
خطیب زادہ نے جمعرات کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں عراق کے ووٹ اور افغانستان کی غیرحاضری کے بارے میں کہا کہ پڑوسی ممالک جانتے ہیں کہ امریکی مہم جوئی کس حد تک علاقے کے ممالک کے نقصان میں ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو اقوام متحدہ میں ملت ایران کے خلاف اپنے اقدام میں تیسری بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس سے امریکہ کی روز بروز بڑھتی ہوئی تنہائی کا پتہ چلتا ہے اور یہ شکست ذلت آمیز اور شرمناک تھی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک امریکی عہدیدار کے حالیہ بیان پر کہ ایٹمی سمجھوتے میں واپس آنے کے بعد ہم میزائلی مسائل کے بارے میں بات چیت کریں گے کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں کے بارے میں کبھی بھی مذاکرات نہیں کئے جائیں گے اور ایران کے دفاعی پروگرام کو خودمختاری کے ساتھ ایران کی دفاعی ضرورتوں کے مطابق آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
خطیب زادہ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکہ جانتا ہے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں پرامن ہیں کہا کہ جن موضوعات پر مذاکرات ہوچکے ہیں ان پر ہم دوبارہ مذاکرات نہیں کریں گے اور ہمارا جواب یہ ہے کہ ایٹمی سمجھوتے پر مکمل و بلاشرط عمل درآمد کیا جائے اور ماضی میں رونما ہونے والے واقعات سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کی جائے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے علاقے سے امریکہ کے طیارہ بردار بیڑوں کے باہر نکلنے اور دوبارہ خلیج فارس میں واپسی کے بارے میں کہا کہ ہم ان تمام سیناریو کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں ، ہم سیناریو کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتے تاہم ہمارا جواب بھرپور اور دنداں شکن ہوگا۔

ٹیگس