Sep ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • حسین زید بن یحیی
    حسین زید بن یحیی

جنوبی یمن کی تحریک کے ایک اہم رہنما نے ملک میں سیاسی خلا کو پر کرنے کی غرض سے قومی اتحاد حکومت کی تشکیل کے لئے تمام گروہوں کے درمیان اتفاق رائے پر تاکید کی ہے-

جنوبی یمن کی تحریک کے ایک اہم رہنما حسین زید بن یحیی نے بدھ کو العالم کو انٹرویو دیتے ہوئے ملک کو بےپناہ مسائل سے دوچار کرنے والے بعض گروہوں کی جانب سے حکومت میں اپنے حصے کا مطالبہ کئے جانے پر انتباہ دیا ہے- حسین زید بن یحیی نے کہا کہ موجودہ حساس حالات میں قومی اتحاد حکومت کی تشکیل کے لئے جنوبی یمن کے گروہوں اور اصلی انقلابی تحریکوں کی موافقت ضروری ہے-

جنوبی یمن کی تحریک کے رہنما نے یمن کی عوامی انقلابی تحریک کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی کے اسٹریٹیجک آپشن کو یمن کے تمام سیاسی گروہوں کی حمایت حاصل ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام گروہ، سیاسی خلا کو پر کرنے کے لئے جماعتی شراکت اور حصے داری سے بالاتر ہو کر شمالی اور جنوبی یمن کے لائق اور مناسب افراد کے انتخاب پر متفق ہیں-

سوئٹزرلینڈ کے مذاکرات میں شریک ہو نے والے یمن کے سیاسی گروہوں اور پارٹیوں نے دارالحکومت صنعا میں ایک پریس کانفرنس میں ملک پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے جارحانہ حملوں کی مذمت کی اور اعلان کیا ہے کہ آئندہ دس دنوں میں بڑے پیمانے پر عوامی شرکت سے ایک قومی اتحاد حکومت قائم ہو جائے گی-

ٹیگس