Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
  • تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن ضیف اللہ الشام
    تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن ضیف اللہ الشام

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ کے رہنما نے اپنے ملک میں قطر کے فوجیوں کے داخل ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے-

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انقلابی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن ضیف اللہ الشامی نے پیر کو خبردار کیا ہے کہ یمنی عوام، قطر کے فوجیوں سے بھی اسی طرح مقابلہ کریں گے جس طرح وہ اس سے پہلے یمن میں داخل ہونے والے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کا مقابلہ کرتے رہے ہیں-

تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے یمن کی دلدل میں پھنسنے کے بعد ، اب قطر اس دلدل میں پھنسنے جا رہا ہے-

ضیف اللہ الشامی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ قطر کے فوجیوں کے یمن میں داخل ہونے کا اس ملک کے خلاف فوجی کارروائیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور تحریک انصاراللہ ، دوسرے عوامی گروہوں کے ساتھ مل کر یمن میں جدوجہد جاری رکھے گی-

 تحریک انصاراللہ کے رہنما نے کہا کہ سعودی عرب دباؤ ڈال کر پہلے متحدہ عرب امارات اوراب قطرکو یمن کی جنگ میں الجھا رہا ہے-

 المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبہ مارب کی الصافر چھاؤنی میں یمنی فوج کے میزائلی حملے میں متحدہ عرب امارات، بحرین ، سعودی عرب اوراس کے دیگراتحادیوں کے تقریبا تین سو فوجیوں کے ہلاک اورزخمی ہونے کے بعد یمنی فوج کا مقابلہ کرنے کے لئے اب سعودی عرب کے خصوصی فوجی دستے کے ساتھ قطر کی فوج بھی صوبہ مارب میں داخل ہوگئی ہے-

ٹیگس