Sep ۲۳, ۲۰۱۵ ۱۳:۱۸ Asia/Tehran
  • حج کا رکن عظیم وقوف عرفات اور مشرکین سے برائت کا اعلان
    حج کا رکن عظیم وقوف عرفات اور مشرکین سے برائت کا اعلان

میدان عرفات میں مشرکین سے اعلان برائت کے اجتماع میں ایران اور دنیا بھر کے لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔

لاکھوں فرزندان توحید آج بدھ کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفات انجام دے رہے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق مشرکین سے برائت اور بیزاری کے اجتماع میں، ایران کے ساتھ ہی دنیا کے دیگر ملکوں کے لاکھوں حجاج کرام نے بھی شرکت کی ۔ مشرکین سے برائت کے اس اجتماع میں شریک حاجیوں نے لاالہ الااللہ، امریکہ مردہ باد اور اسرائيل مردہ باد  کے نعرے لگاکر موجودہ دور کی طاغوتی طاقتوں اور شرک سے نفرت و بیزاری کا اعلان کیا۔
 اس اجتماع گے آخر میں ایک قرارداد بھی جاری کی گئی جس میں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور دشمنان اسلام کی سازشوں سے ہوشیار رنے کی ضرورت پر زور دیا گيا ہے۔ ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ وقوف عرفات کے لئے عازمین حج منگل آٹھ ذالحج سے ہی صحرائے عرفات میں پہنچنا شروع ہوگئے تھے -
اس وقت میدان عرفات لاکھوں فرزندان توحید سے مملو ہے اور حجاج کرام کی صدائے اللہم لبیک لاشریک لک لبیک سے گونج رہا ہے ۔سورج غروب ہوتے ہی حجاج کرام مشعر الحرام کی طرف روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ رات گزاریں گے اور دس ذی الحجہ کو طلوع آفتاب کے بعد مشعر سے منی جائیں گے۔
حجاج کرام منی میں تین دن قیام کریں گے ۔ اس دوران وہ قربانی کریں گے، سر منڈائیں گے یا تھوڑے سےسرکے بال کٹوائیں گے اور تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے - حجاج کرام بارہ ذی الحجہ تک منی میں رہنےاورہر روز رمی جمرات یعنی تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کا عمل مکمل کرنے کے بعد مکہ مکرمہ واپس جائیں گے جہاں طواف کعبہ، صفا و مروہ کے درمیان سعی اور نماز طواف بجا لاکر حج کے اعمال مکمل کریں گے۔

ٹیگس