Oct ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۱:۱۱ Asia/Tehran
  • یمن کے دارالحکومت صنعا مین سعودی مخالف مظاہرے
    یمن کے دارالحکومت صنعا مین سعودی مخالف مظاہرے

یمنی خواتین نے دارالحکومت صنعا میں مظاہرہ کرکے سعودی عرب کے حملوں اور ان وحشیانہ حملوں کے خلاف عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی ہے -

العالم کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے ہوائی حملوں کے خلاف یمنی خواتین نے احتجاج کیا ہے- ان خواتین نے یمن کے مختلف شہروں پر سعودی اتحاد کے حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے احتجاج کیا اور ان حملوں کے فوری بند کئے جانے کا مطالبہ کیا-

مظاہرین نے  بحران یمن کے حل کے تعلق سے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر انجام پانے والی کوتاہیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، اس بحران کو وجود میں لانے والوں کے خلاف عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی - دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصا راللہ کی ایک رہنما "ھناء العلوی" نے سعودی عرب کی جانب سے سات ماہ کے عرصے سے یمن کا اقتصادی محاصرہ جاری رہنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ادارے، یمن کے موجودہ انسانی المیے کے ذمہ دار ہیں-

واضح رہے کہ سعودی عرب، امارات اور بحرین نے چھبیس مارچ سے سابق اور مفرور صدر منصورہادی کو دوبارہ اقتدار میں واپس لانے کے لئے دیگر عرب ملکوں کے ساتھ اتحاد کرکے یمن پر تباہ کن حملے شروع کئے تھے جو اب بھی جاری ہیں اور ان حملوں میں اس غریب عرب ملک یمن کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں عام شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ دسیوں ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں-

ٹیگس