Oct ۲۳, ۲۰۱۵ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • کربلائے معلی اور ایران میں سید الشہداء (ع)کی عزاداری
    کربلائے معلی اور ایران میں سید الشہداء (ع)کی عزاداری

لاکھوں کی تعداد میں ملکی اور غیر زائرین کربلائے معلی پہنچ گئے ہیں اور نو محر م کی مخصوص عزاداری میں شرکت کر رہے ہیں۔

کربلائے معلی کے گلی کوچے عزاداروں سے بھرے پڑے ہیں اور لوگ ماتمی دستوں اور انجمنوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ حسینی کی جانب رواں دواں ہیں۔

حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے بھائی علمدار کربلا حضرت عباس علیہ السلام کے روضوں کے درمیان کی راہداری، جو بین الحرمین کہلاتی ہے، عاشقان حسینی سے مملو ہے۔

عراق کی وزارت داخلہ کے مطابق ایک اب تک دنیا کے مختلف ملکوں سے بیس لاکھ زائرین کربلائے معلی پہنچ چکے ہیں اور ملک کی زمینی اور فضائی سرحدوں سے زائرین کی آمد کا سلسلہ آج رات دیر گئے تک جاری رہے گا۔

اس موقع پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں اور کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کو پوری طرح سے چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ایران اور عراق میں نو محرم کا دن علمدار کربلا حضرت عباس ابن علی کی یاد سے مخصوص ہے ۔

اس موقع پر منعقدہ مجالس اور جلوسوں میں علمدار کربلا کی شجاعت و بہادری اور ایثار فدا کاری کے تذکرے بیان کئے جارہے ہیں۔
ایران میں بھی آج علمدار کربلا حضرت عباس کی یاد میں عزاداری کی مخصوص رسومات ادا کی جارہی ہیں۔

مختلف شہروں میں عزاداری کی بڑی بڑی مجالس منعقد کی جارہی ہیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔

تہران سمیت تمام شہروں میں سیاہ پرچم لہرا رہے ہیں اور عزاداروں کے دستے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر رواں دواں ہیں ۔

اس موقع پر جگہ جگہ شہدائے کربلا کی یاد میں پانی، شربت اور چائے کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جبکہ عزاداروں میں نیاز بھی تقسیم کی جارہی ہے۔
یہ جلوس ہائے عزا اپنے مقررہ راستوں سے ہوئے مختلف امام بارگاہوں اور حسینیوں میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے ۔

عزاداری اور جلوس ہائے عزا کا یہ سلسلہ آج رات اورعاشور کو دن بھر جاری رہے گا جس کے بعد مجالس شام غریباں منعقد کی جائیں گی جن میں علما اور ذاکرین حضرات ذکر مصائب اہلبیت بیان کریں گے۔

ٹیگس