Oct ۲۸, ۲۰۱۵ ۰۸:۲۵ Asia/Tehran
  • ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم۔ فائل فوٹو
    ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم۔ فائل فوٹو

اسلامی جمہوریہ ایران نے یمن کے صوبہ صعدہ میں عالمی امدادی تنظیم میڈیسنز سانز فرنٹیئرز (ایم ایس ایف) اسپتال پر سعودی اتحاد کے حملے کی شدید مذمت کی ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جارحین، یمن کو پوری طرح تباہ و برباد کر دینا چاہتے ہیں اور اس ملک کے مختلف شہروں پر روزانہ مسلسل ہونے والی بمباری نے نہایت ناگوار اور ابتر انسانی حالات پیدا کردیئے ہیں-

ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے دوسرے عرب اتحادیوں نے یمن کو انسانی المیے کی حد تک پہنچا دیا ہے اور وہ نہایت بغض و کینے کے ساتھ یمنی عوام کو پہنچنے والی انسانی و طبی امدادوں کے باقی ماندہ کچھ راستوں کو بھی بند اور مشکل بنا دینا چاہتے ہیں-

ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے اس حملے کی مذمت میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے واضح بیان اور پہلی بار جارح اتحاد کی قیادت کرنے والے ملک کا نام لیئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری نے یمن میں انجام دیئے جانے والے جرائم کے سلسلے میں مسلسل خاموشی اور کمزور موقف اختیار کرکے اس ملک کے نہتھے عوام کے خلاف ہولناک جرائم انجام دینے کے لئے جارحین کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور حالت یہ ہوگئی ہے کہ مذکورہ اتحاد انسان دوستانہ عالمی ادارے کے زیر انتظام چلنے والے اسپتال پر حملہ کرنے میں بھی تکلف نہیں کرتا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ جارحین کو جواب دہ بنانے اور انھیں ان کے تباہ کن اقدامات کی ذمہ داری قبول کرنے کا پابند بنانے میں پس و پیش ،علاقے میں آشوب ، دہشت گردی اور بدامنی پھیلنے کا باعث ہے-

سعودی اتحاد کے جارح لڑاکا طیاروں نے پیر کو یمن کے صوبہ صعدہ میں ایم ایس کے ایک اسپتال پر بمباری کی ہے-

ٹیگس