Dec ۱۱, ۲۰۱۵ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے نام شام کے مراسلے
    اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے نام شام کے مراسلے

شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ مراسلوں میں دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات عمل میں لائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ مراسلوں میں حلب کے رہائشی علاقوں پر دہشت گردوں کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان حملوں میں دسیوں شامی عام شہری جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔

شام کی وزارت خارجہ نے اپنے مراسلوں میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ، دہشت گردی کے خلاف مہم سے متعلق اپنے فرائض پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردوں کے لئے مالی مدد اور ہتھیاروں کی فراہمی بند کرائیں۔

شام کی وزارت خارجہ نے ان مراسلوں میں شام کی سرزمین، اقتداراعلی اور شامی قوم کی حمایت میں دمشق حکومت کے قانونی فرائض پر تاکید بھی کی ہے۔

ان مراسلوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے لئے اگر سعودی عرب، ترکی اور قطر جیسے ملکوں کی جانب سے مالی مدد اور ہتھیاروں کی فراہمی بند کرادی گئی ہوتی اور دہشت گردوں کے وحشیانہ حملوں پر سلامتی کونسل خاموش نہیں رہتی تو اب تک شام سے دہشت گردانہ جرائم ختم ہو چکے ہوتے۔

واضح رہے کہ شام میں ترکی کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں نے، جو شامی فوج کی کامیابیوں سے بوکھلائے ہوئے ہیں، حال ہی میں حلب میں رہائشی علاقوں پر حملہ کیا ہے جس میں کم از کم تیس سے زائد عام شہری جاں بحق اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس