Dec ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • امریکہ کے زیر قیادت داعش مخالف اتحاد شام کی تباہی و بربادی کا سبب : شام کی وزارت خارجہ
    امریکہ کے زیر قیادت داعش مخالف اتحاد شام کی تباہی و بربادی کا سبب : شام کی وزارت خارجہ

شام کی وزارت خارجہ نے امریکی قیادت والے داعش مخالف اتحاد کو شام کی تباہی و بربادی کا سبب قرار دیا ہے۔

شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور سلامتی کونسل کی موجودہ چیئرپرسن کے نام الگ الگ مراسلے میں کہا ہے کہ امریکہ کی قیادت والے داعش مخالف اتحاد کے درجنوں فضائی حملوں میں شام کے بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

حالانکہ اس اتحادکے حملوں کو داعش کے ٹھکانوں اور ہتھیاروں نیز چوری کا تیل ترکی لے جانے کے عمل کے خلاف انجام پانے چاہیے۔

امریکہ کی قیادت میں قائم نام نہاد داعش مخالف عالمی اتحاد ، داعش کے خلاف حملوں کی آڑ میں شامی حکومت کے کنٹرول والی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنارہا ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے شام کے تیل سے مالا مال بعض علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور تیل سے حاصلہ آمدنی کے ذریعے اسلحہ اور دیگر سازمان خریدتا ہے۔ امریکی ماہرین کے مطابق تیل کی فروخت سے داعش کو حاصل ہونے والی آمدنی کا تخمینہ پانچ سو ملین ڈالر سالانہ ہے۔

دوسری جانب روسی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کروہ داعش اب تک، روزانہ اسّی ہزار بیرل تیل چوری کرکے شام سے ترکی منتقل کرچکا ہے اور روس کی بمباری کے پہلے تک تیل کی فروخت سے داعش کو یومیہ چار ملین ڈالر حاصل ہوتے تھے۔

شام کی وزار ت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ، امریکہ کی قیادت والا داعش مخالف اتحاد، شام کی تیل و گیس کی تنصیبات، تیل کے کنوؤں ، تیل کے ذخیروں اور اقتصادی ڈھانچے کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہےکہ ان حملوں میں تیس اکتوبر سے پندرہ دسمبر کے درمیانی عرصے میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔

شام کی وزارت خارجہ کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے اقتصادی ڈھانچے اور بنیادی تنصیبات پر امریکی اتحاد کے حملوں کی وجہ سے عوام کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے اور شام کی حکومت ، مذکورہ عالمی اتحاد میں شامل ملکوں کے خلاف ادائیگی تاوان کا دعوی دائر کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

ٹیگس