Jan ۲۲, ۲۰۱۶ ۰۷:۲۶ Asia/Tehran
  • قم المقدسہ میں شہدائے نائیجیریا کا چہلم

ایران کے مقدس شہر قم میں جمعرات کو نائیجیریا کے شہداء کا چہلم منایا گیا-

رپورٹ کے مطابق شہر قم میں واقع مدرسہ امام خمینی (رح) میں شہدائے نائیجیریا کے چہلم میں ایرانی و افریقی علماء و طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی - اس موقع پر منقعدہ پروگرام میں علماء نے شہدائے نائیجیریا کی خدمات کو یاد کیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا-

اس موقع پر جامۃ المصطفی العالمیہ کی ایک اہم شخصیت حجت الاسلام حسین شہامت نے اپنے خطاب میں کہا کہ نائیجیریا میں اسلامی تحریک کے رہنماؤں بالخصوص آیت اللہ ابراہیم زکزاکی نے امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی تحریک کی پیروی کرتے ہوئے نائیجیریا میں اسلام کا احیاء کیا اور اس کی تبلیغ و ترویج کے لئے انتھک کوششیں کیں- حجت الاسلام شہامت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آیت اللہ زکزاکی کا سب سے بڑا کام معاشرے کو حق و حقیقت کی دعوت دینا تھا کہا کہ تاریخ میں علم و حکمت کی بنیاد پر جو تحریک بھی چلائی گئی وہ دلوں میں اتر گئی اور اس نے سامراج کو خوف و وحشت میں ڈال دیا-

اس پروگرام میں نائیجیریا کی تحریک اسلامی کے ایک رہنما حمزہ امام موسی نے نائیجیریا میں اسلامی تحریک کی تشیع کی جانب ہدایت و رہنمائی کے لئے آیت اللہ ابراہیم زکزاکی کی انتھک کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ دنیا ابھی اس مجاہد عالم دین کے افکار سے آشنا نہیں ہو سکی ہے-

واضح رہے کہ نائیجیریا کی فوج نے دسمبر دوہزار پندرہ میں شمالی نائیجیریا کے صوبہ کادونا کے زاریا شہر میں حسینیہ بقیۃ اللہ پر وحشیانہ حملہ کر کے مسجد و امام بارگاہ کو بلڈوزروں سے منہدم کر دیا اور تحریک اسلامی کے سربراہ آیت اللہ ابراہیم زکزاکی کی بیوی اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں شیعہ مسلمانوں کو شہید اور آیت اللہ زکزاکی کو نہایت زخمی حالت میں گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا-

ٹیگس