Jan ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • جمعہ کو ہونے والے مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں: حماس کی فلسطینیوں سے اپیل

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعے کے روز غاصب صیہونی حکومت کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں تمام فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتفاضۂ قدس اور صیہونی حکومت کی جیل میں بند فلسطینی نامہ نگار محمد القیق کی حمایت میں جمعے کے روز غزہ اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں کئے جانے والے مظاہروں میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں۔ حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مظاہرے انتفاضۂ قدس کی سرکوبی کے لئے صیہونی حکومت کے تمام اقدامات اور سازشوں کے باوجود انتفاضہ تحریک جاری رکھے جانے پر تاکید کی غرض سے کئے جا رہے ہیں۔

اکتوبر دو ہزار پندرہ سے فلسطین کے مختلف علاقوں میں صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات اور بیت المقدس کا تشخص تبدیل کرنے نیز زمان و مکان کے اعتبار سے مسجد الاقصی کی تقسیم کے خلاف فلسطینیوں کے وسیع پیمانے پر مظاہرے جاری ہیں۔

واضح رہے کہ انتفاضۂ قدس کے آغاز سے اب تک غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں ایک سو سڑسٹھ فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ صیہونی فوجیوں کی تمام وحشیانہ کارروائیوں کے باوجود انتفاضۂ قدس بدستور جاری ہے۔

ٹیگس